ابو اور میں نے بہت آوازیں دیں، مگر وہ جواب ہی نہیں دیتیں‘ بہت دل کرتا ہے کہ وہ آنکھیں کھولیں، ہم سے بات کریں، اللہ دعا سنتا ہے، آپ بھی دعا کیجیے

لندن میں زیر علاج ماں کو دیکھ کر مریم نواز کا ضبط ٹوٹ گیا، آنکھوں سے آنسو جاری ‘ قوم سے دعاؤں کی اپیل

پیر 18 جون 2018 16:00

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو لائف سپورٹ مشین سے نہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز نے پاکستان واپسی مؤخر کردی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابو اور میں نے بہت آوازیں دیں، مگر وہ جواب ہی نہیں دیتیں۔ بہت دل کرتا ہے کہ وہ آنکھیں کھولیں، ہم سے بات کریں، اللّہ دعا سنتا ہے، آپ بھی دعا کیجیے۔

(جاری ہے)

ماں کو دیکھ کر مریم نواز کا ضبط ٹوٹ گیا، آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے، قوم سے دعاؤں کی اپیل کردی۔ان کا کہنا تھا کہ شوہر اور بیٹی کے انتظار میں کلثوم نواز کی حالت بگڑ گئی اور بگڑتی ہی چلی گئی۔ مصنوعی تنفس دیا گیا، اب ڈاکٹرز نے تشویش ظاہر کردی ہے۔کلثوم نواز کو لائف سپورٹ مشین سے نہ ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے بعد نوازشریف اور مریم نواز نے لندن میں ہی رہنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز انیس جون کو احتساب عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوسکیں گے۔اس سلسلے میں نوازشریف کے وکلاء کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹ اور ڈاکٹرز کا خط احتساب عدالت میں جمع کراکر استثنٰی کی درخواست کریں گے۔