بے سہارا معاشرے کی اجتماعی زمہ داری ہیں‘وزیر اطلاعات پنجاب

ایس او ایس ویلج بے سہارا بچوں کے لئے مثالی پناہ گاہ اور درسگاہ ہے‘احمد وقاص ریاض وزیراطلاعات کا ایس او ایس ویلج کا دورہ،بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے‘عیدی بھی دی

پیر 18 جون 2018 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) وزیراطلاعات پنجاب احمد ریاض وقاص نے کہا ہے کہ والدین کے سہارے سے محروم بچے معاشرے کی اجتماعی زمہ داری ہیں،بے آسرا بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت سے انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کی سمت دکھائی جاسکتی ہے۔ وہ عید کے روز فیروزپور روڈ پر ایس او ایس ویلج کے دورے کے موقع پر بات چیت کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر اور ان کی اہلیہ نے بچوں میں عید تحائف تقسیم کئے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ احمد وقاص ریاض نے اپنی جیب سے بچوں کو عیدی بھی دی۔وزیراطلاعات ایس او ایس ویلج کے بچوں میں گھل مل گئے اوران کی فرمائش پر ان کے ساتھ جوس بھی پیا۔بچوں نے صوبائی وزیر کی آمد پر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج الماس بٹ نے وزیراطلاعات کو بچوں کی تعلیم وتربیت سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

احمد ریاض وقاص نے کہا کہ ایس او ایس ویلج بے سہارا بچوں کے لئے مثالی پناہ گاہ اور درسگاہ ہے۔مجھے خوشی ہے کہ بچے ایس او ایس ویلج میںاچھے ماحول میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کو خوشیوں میں شریک کرنا عیدالفطر کا پیغام ہے۔ وزیراعلیٰ حسن عسکری خود بھی عید کے روز معاشرے کے محروم طبقے سے ملنے گئے اورانہوں نے صوبائی وزراء کی بھی ڈیوٹیاں لگائیں۔

انہوں نے کہاکہ بے سہارا بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے دورے میں ایس او ایس ویلج کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ ڈائریکٹر الماس بٹ نے بتایا کہ ایس او ایس ویلج میں بچوں کو ایک مکمل گھر کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور ایک ایک گھر کے بچے بہن بھائیوں کی طرح رہتے ہیں جبکہ ایک خاتون ان کی ماں کا کردار ادا کرتی ہے۔ ایس او ایس ویلج میں رہنے والے کئی بچے اب معاشرے میں اچھے عہدوں پر فائز ہیں اور یہ لوگ آج بھی ادارے سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ ایس او ایس ویلج کا ایک سکول بھی ہے جہاں یہاں کے بچوں سمیت 1300طلبا معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔