آزادکشمیر سپریم کورٹ ریاست جموں وکشمیر کے وقار کی بڑی علامت ہے،چوہدری بشیر

پیر جون 16:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) آزادکشمیر سپریم کورٹ ریاست جموں وکشمیر کے وقار کی بڑی علامت ہے ،اس کی عزت اور احترام ریاست کے ہرشہری پر فرض ہے ،ججز کو بلیک میل کرنا ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ ہے ،کشمیری عوام ایسے کرداروں کو پہلے بھی مسترد کرچکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے ،ریاست جموں وکشمیرمیں بسنے والے ہرشہری کااس ریاست پر اتنا ہی حق ہے جتنا صدر،،وزیراعظم یا ان کی اولادوں کا ہے ،محض ذاتی مفادات کے لیے سپریم اداروں پر چڑھائی کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی ،عوام آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ،ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) حلقہ دو کے راہنمائوں چوہدری محمد بشیر ،چوہدری محمد نصیر ،محمد انجم،نصیر کھوکھر ودیگر نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا ،انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جسے ریاست کا عام شہری کسی صورت قبول نہیں کرے گا ،سیاست دانوں کے پاس سیاست کے لیے اور بہت سے پلیٹ فارم ہیں محض ذاتی تفنن طبع کیلئے سپریم اداروں کو چیلنج کرنا کسی طور پر درست نہیں ،اداروں کو فتح کرنے والے آخر کس کوخوش کرنا چاہتے ہیں ،ریاست جموں وکشمیر کے عوام اس سوال کا جواب چاہتے ہیں۔