این اے 131کا حلقہ بطور خاص لاڈلے عمران خان کیلئے تیار کرایا گیا ،پھر بھی شکست دینگے‘ سعد رفیق

عمران خان سیاستدان نہیں بلکہ شوقیہ فنکار کی طرح سیاست میں آگئے ،لوگ پی ٹی آئی میں جا نہیں رہے بلکہ بھرتی کی گئی ہے لاہور کی قومی اسمبلی 11نشستیں کلیئر ہیں صرف تین پر مقابلہ ہوگا اور ان پر بھی انہیں واضح شکست دیں گے‘ لاہور میں میڈیا سے گفتگو

پیر جون 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سیاستدان نہیں بلکہ شوقیہ فنکار ہیں جو سیاست میں آگئے ہیں ،لوگ پی ٹی آئی میں جانہیں رہے انہیں بھیجا جارہا ہے بلکہ بھرتی کی گئی ہے ، این اے 131کا حلقہ بطور خاص لاڈلے عمران خان کیلئے تیار کرایا گیا ہے ،،لاہور کی قومی اسمبلی 11نشستیں کلیئر ہیں صرف تین پر مقابلہ ہوگااور عوامی طاقت سے ان پر بھی واضح شکست دیں گے ۔

یہاں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا دعویٰ تھا کہ وہ تبدیلی لائیں گے لیکن عوا م نے دیکھ لیا جس صوبے میں ان کی پانچ سال حکومت تھی وہاں انہوںنے کچھ نہیں کیا ، قومی اسمبلی میں بھی صرف باتیں کرنے اور گالیاں دینے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا،ان کی جماعت میں گالیاں دینے والے اور سارے لوٹے اکٹھے ہو گئے ہیں ، ایسے گھسے پٹے لوگ جنہیں ان کی جماعتیں رکھنے کیلئے تیار نہیں تھی وہ پی ٹی آئی میں آکر کیا تبدیلی لائیں گے ، ان کا سارا ڈرامہ فلاپ ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی میں فاشٹ سوچ رکھنے والے لوگ ہیں جو کسی بھی بات پر گالیاں دینے پر اتر آتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ این اے 131کا حلقہ بطور خاص لاڈلے عمران خان کیلئے تیار کرایاگیا ہے ، این اے 131 کی تشکیل میں قانونی اصولوں اور نیچرل بائونڈری کے بنیادی اصول پامال کیے گئے لیکن این ای131 میں انشا اللہ شیرہی جیتے گا ۔ انہوںنے کہا کہ سخت اعتراضات کے باوجود عمران پر کو اعتراض دائر نہیں کیا،سیاستدانوں کو سیاسی مقابلہ عدالتوں کی بجائے عوامی میدان میں کرنا چاہیے ۔

سیاسی مخالفین کو عدالتوں کے ذریعے زیر کرنا عمران کا وطیرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر عمران خان خود سیاسی آدمی ہوتے تو پی ٹی آئی سیاسی جماعت بن سکتی تھی ۔ وہ شوقیہ فنکار ہیں اور سیاست میں آگئے ہیں ،ان میں ایک سیاستدان والے لوازمات ہی نہیں ، پی ٹی آئی ایک جماعت نہیںبلکہ لورز گروپ ہے اور اس کے اصل حالات سب کے سامنے آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی غلطیاں کی ہیں لیکن ان سے سیکھا ہے ، 25جولائی کو عوام ہماری کارکردگی کی بنیاد پر شیر کے حق میں فیصلہ دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ لاہور کی قومی اسمبلی کی گیارہ سیٹیں کلیئر ہیں صرف تین پر پی ٹی آئی سے مقابلہ ہوگا اور انہیں یہاں سے بھی عوامی طاقت سے شکست دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران نفرت اور بہتان کی سیاست پھیلانے کے ذمہ دار ہیںاو ران کی وجہ سے سیاست خاردار پودا بن گیا ہے ۔