عید الفطر کے موقع پر اہم شخصیات کی گورنرسندھ محمد زبیر سے ملاقاتیں

نگراں کابینہ اراکین ، اسلامی ممالک کے مختلف سفارت کار،معذور افراد کی تنظیم کے عہدیدارسمیت دیگرشامل تھے عید الفطر کی مبارک باد دی ۔ آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے صوبہ میں سیکیورٹی کے حوالہ سے تفصیل سے آگاہ کیا

پیر جون 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) گورنر سندھ نے گورنر ہائوس میں مختلف شعبہ جائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے عید ملی۔ گورنر سندھ سے نئے تعینات ہونے والے آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے بھی ملاقات کی اور انہیں سندھ پولیس کی جانب سے صوبہ میں سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر بھی موجود تھے ۔

بوہری کمیونٹی کے ایک وفد نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کرکے انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر سندھ سے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جمیل یوسف ، صوبائی وزیر ترقی نسواں و ایجوکیشن و ہیلتھ ڈاکٹر سعدیہ رضوی، نگراں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجواناں ڈاکٹر جنید شاہ ، نگراں صوبائی مشیر برائے وزیر اعلیٰ سندھ بریگیڈیئر حارث ، صوبائی محتسب اسد اشرف ملک ، ڈاکٹر عشرت حسین، پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مین عزیز میمن اور کموڈور اکبر ایس نقی نے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گورنرہائوس میں گورنرسندھ سے سعودی عرب،، ملائیشیا، ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے سفارتکاروں نے بھی عید ملی ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے معذور افراد کی تنظیم ایسوی ایشن فار دی ویلفیئر آف ہینڈی کیپڈ پر سنز کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوی ایشن کے صدر عبداللہ خان کورائی کررہے تھے۔ گورنرسندھ نے معذور افراد کو عید کی خوشی میں شامل کرنے پر عبد اللہ خان کورائی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں عید کی مبارک باد بھی پیش کی ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،ایسے افراد صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی عام فرد سے کم نہیں ہوتے ،ان کے ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،ایسوی ایشن اپنے ممبران کی بحالی کے لئے قابل تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔