آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے دبئی میں پارٹی رہنما احمد حسین نے ملاقات کی

جلد پاکستان واپسی کا شیڈول طے کروں گا اور عوام کے درمیان ہوں گا، پرویز مشرف ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے،عوام آئندہ الیکشن میں چوروں لیٹروں اور کرپٹ عناصر کو مسترد کردیں گے

پیر 18 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے دبئی میں پارٹی رہنما احمد حسین نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال۔انتخابی اور پارٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔اے پی ایم ایل کے رہنما احمد حسین کے مطابق اس موقع پر پرویز مشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان واپسی کا شیڈول طے کریں گے اور عوام کے درمیان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جلد واپسی کے لیے اپنی قانونی ٹیم ۔پارٹی رہنمائوں اور طبی ماہرین سے مشاورت کررہے ہیں اور کسی بھی وقت پاکستان واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے۔عوام۔آئندہ الیکشن میں چوروں لیٹروں اور کرپٹ عناصر کو مسترد کردیں گے ۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے واضح کیا کہ وہ پاکستان واپسی کے بعد بھرپور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

پرویز مشرف نے احمد حسین کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں اے پی ایم۔ایل کو مذید فعال کریں اور عوام سے رابطے میں رہیں ۔احمد حسین نے کہا کہ وہ اے پی ایم ایل کوتنظیمی سطح پر مضبوط کرنے کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔احمد حسین نے بتایا کہ پرویز مشرف جلد کراچی سمیت ملک بھر میں اے پی ایم ایل اور اتحادیوں کے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔