صدر گوگیرہ،بیوی سے شرط لگا کر نہر عبور کرنیوالا نوجوان ڈوب کر جاں بحق ،بیوی موبائل پر فلم بناتی رہی

پیر 18 جون 2018 18:40

صدر گوگیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) بیوی سے شرط لگا کر نہر عبور کرنے والا نوجوان ڈوب کر جاں بحق ،بیوی نہر میں چھلانگ لگاتے شوہر کی موبائل پر فلم بناتی رہی ،تین روز گزرنے کے باوجود ڈیڈ باڈی نہ مل سکی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں 41جی کا رہائشی نوجوان سانول ولد مبارک عید کے روز اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ نہر ایل بی ڈی سی کنارے پکنک منانے آیا ہوا تھا اس دوران سانول کی اپنی بیوی سے شرط لگی کہ وہ نہر کو تیر کر با آسانی عبور کر کے دکھائے گا سانول نے نہر میں کودنے سے قبل بیوی کو کہا کہ وہ اس کی موبائل پر فلم بنائے جس کو سوشل میڈیا پر ڈالا جائے گا سانول نے نہر میں چھلانگ لگائی اور تیراکی کرتے نہر عبور کرنے لگا اور اس کی بیوی موبائل پر فلم بنانے لگی سانول جیسے ہی نہر کے وسط میں پہنچا تو اس کی ہمت جواب دے گئی اور اپنے بچائو اور مدد کے لیے پکارنے لگا اس دوران نہر کنارے موجود اس کے دوستوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ کر رہا ہے خود ہی نکل آئے گا لیکن سانول پانی کے تیز بہائو کے باعث ڈوب گیا اور نہر سے باہر نہ نکلا تو اس کی بیوی نے ریسکیو ٹیم کو اطلاع کی جس پر ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا لیکن تین روز گزرنے کے باوجود سانول کی نعش نہ مل سکی تاحال ریسکیو آپریشن جاری تھا سانول کی موت پر اس کی بیوی پر غشی کے دورے پڑتے رہے اور علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی ۔