عید الفطر کے موقع پر پرنسپل و ایم ایس کی لاہور جنرل ہسپتال کے مریضوں میں مٹھائی و تحائف کی تقسیم

خوشی کے موقع پر دکھی انسانیت کو یاد رکھنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے ‘پرنسپل آغا شبیر علی کی گفتگو ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائریکٹر پروفیسر رضوان مسعود بٹ کے ہمراہ وارڈز کا دورہ

پیر 18 جون 2018 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر آغا شبیر علی نے کہا ہے کہ عید الفطر جیسے خوشی کے مذہبی تہوار کے موقع پر دکھی انسانیت کو یاد رکھنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے ،بیماری میں مبتلا لوگوں کی دل جوئی اصل عبادت ہے اسی لیے لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے مریضوں میں مٹھائی و تحائف کی تقسیم کا بندوبست کیا گیا ہے ،جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر رضوان مسعود بٹ کے ہمراہ مختلف وارڈز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید الفطر دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے اس کے ساتھ ساتھ عید کی چار تعطیلات کے دوران چوبیس گھنٹے مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی فیملی کی بجائے سرکاری فرائض کو ترجیح دی اور مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آغا شبیر علی نے مریضوں سے فرداًفرداً اُن کی خیریت دریافت کی اور ان میں تحائف اور مٹھائی کی تقسیم اور عید کی مبارکباد دی ، انہوں نے مریضوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔پرنسپل نے ہسپتال کی انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی سارا سٹاف اسی دلجمعی کے ساتھ کام کرتا رہے گا اور ادارے کا نام روشن کرے گا، جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کو عید مبارک پیش کی اور مختلف مریضوں میں تحائف تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :