عید الفطر پر 40ارب روپے کے کاروبار کا تخمینہ ،خریداری میں غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری کا عنصرنظر آیا ‘ عتیق میر

مہنگائی،غربت کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے ،خریداری کا رجحان 20سے 30فیصد کم رہا ‘ اشرف بھٹی

پیر 18 جون 2018 19:10

لاہور/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) امسال عید الفطر پر 40ارب روپے کے کاروبار کا تخمینہ لگایاگیا ہے ،عید خریداری میں غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری کا عنصرنظر آیا جبکہ عید خریداری نے امیر اور غریب کے بڑھتے فرق کو بھی واضح کیا ہے ۔کراچی اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کے مطابق امسال عید الفطر پر 40ارب روپے کی خریداری کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ روایتی بازاروں سے خریداری اب بڑے شاپنگ مالز میں منتقل ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عید خریداری میں غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری کا عنصرنظر آیا جس نے امیر اور غریب کے بڑھتے فرق کو واضح کیا ہے ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے ۔ ایک طبقے نے عید الفطر پر 50ہزار سے 2لاکھ روپے تک خریداری کی جبکہ دوسری جانب قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے پسے ہوئے طبقات کا بجٹ بمشکل 8سے 15ہزار کے درمیان تھا ۔ انہوں نے کہا کہ امسال عید الفطر پر انار کلی ، اچھرہ ، باغبانپورہ ، نیلم بازار،اسلامپورہ سمیت دیگر بازاوں میں عوام کا رش تھا لیکن خریداری کا رجحان گزشتہ سال کے مقابلے میں 20سے 30فیصد کم رہا ۔