Live Updates

میری کامیابی کے پیچھے لمبی جدوجہد کی داستان ہے ،ٹرک ڈرائیونگ بھی کی ‘ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

میرے ہر گانے کے پیچھے ایک کہانی ضروری ہے ،کبھی سوچا نہیں تھا کہ گائیکی کو بطور پروفیشن اختیار کروں گا

پیر 18 جون 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ میری کامیابی کے پیچھے لمبی جدوجہد کی داستان ہے ، میرے ہر گانے کے پیچھے ایک کہانی ضروری ہے ،کبھی سوچا نہیں تھا کہ گائیکی کو بطور پروفیشن اختیار کروں گا ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہر نوجوان محبت میں مبتلا ہوتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی حادثہ ہوا تھا ،میری گائیکی میں جو ہجر کا درد ہے یہ قدرتی امر ہے ،میں شروع میں ذاتی تسکین کے لئے گاتا تھا مگر میرا گھریلو ماحول اور قبیلے کے لوگ گانا سننے اور گانے والے کے اس قدر خلاف تھے کہ گائیکی پر میرے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ ناقابل بیان ہیں مانہوں نے سولہ سترہ سال کی عمر میں میرا بائیکاٹ کر دیا پھر زندگی کی گاڑی چلانے کے لئے میں نے ٹرک ڈرائیونگ بھی کی ۔

(جاری ہے)

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ زندگی کی نئی جدوجہد شروع ہو گئی تو پھر خدا کی ذات نے مجھے شہرت کی ان بلندیوں پر پہنچا دیا جس کا میں نے خواب میں بھی تصور نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے اپنے مشہور زمانہ گانے ’’قمیض تیری کالی ‘‘ کے حوالے سے بتایا کہ یہ استاد امیر حسین کا لکھا ہوا گانا تھا اور وہ طویل عرصے سے میرے پیچھے پڑے ہوئے تھے کہ میں اس گانے کو گائوں مگر مجھے گانے کی استائی ٹھیک نہیں لگتی تھی جس کی وجہ سے میں انکار کر دیتا تھا مگر وہ مسلسل دو سال تک میرے پیچھے پڑے رہے تو میں نے ایک شرط پر حامی بھرلی کہ اسکی استائی میں خود لکھوں گا اور انہوں نے میری بات لی تو پھر میں نے اس گانے کور یکارڈ کروایا اور نعیم بخاری کے ایک شو میں بغیر میوزک کے گایا تو اگلے دن پورے ملک میں یہ گانا مقبول ہو چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میری دوستی کافی پرانی ہے اور وہ میری سیاسی محبت ہیں اور جس طرح میں عمران خان کے بارے میں جانتا ہوں اس وجہ سے میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک بندہ ملک میں انقلاب لا سکتا ہے ، میری تمام تر محبتیں اور توانائیاں پی ٹی آئی کے لئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات