پیپلز پارٹی کا منشور پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی ہے، سردارسربلند جوگیزئی

پیر 18 جون 2018 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 4لورالائی سے امیدوار سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ا منشور پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی ہے پیپلز پارٹی ملک کی واحد عوامی جماعت ہے جو عوام کے دلوں میں رہتی ہے اور انشا اللہ 2018 الیکشن میں پیپلز پارٹی پورے ملک سے بلوچستان سمیت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔

۔ یہ بات انہوں نے لورالائی میں اپنی رہائش گاہ پر عید ملنے کیلئے آنے والے پارٹی کے کارکنوں اورقبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار سربلند جوگیزئی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ملک کے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی پارٹی کے خلاف ہر دورمیں سازشیں کی گئیں پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے خود ختم ہوگئے لیکن آج بھی پیپلز پار ٹی ملک کے عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ملک کو سنگین بحرانوں سے دوچار کردیا ہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری ہی ملک کوموجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے صوبوں سمیت وفا ق میں حکومتیں بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے گھر گھر انتخابی مہم چلائیں ۔