مارشل آرٹس کے کھیلوں میں پاکستان انڈیا سے کہیں آگے ہے، مارشل آرٹس گولڈ میڈلسٹ اسد حنیف

پیر 18 جون 2018 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) کھیل میں مہارت و خداداد صلاحیتوں کے اعتبار سے پاکستان مارشل آرٹس کے کھیل میں بھارت سے کہیں آگے ہیں لیکن بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی کمی و سرکاری سرپرستی کے فقدان کے سبب ملک میں مارشل آرٹس کا کھیل انحطاط کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے مایہ ناز مارشل آرٹس کھلاڑی و گولڈ میڈلسٹ اسد حنیف نے کیا۔

اسد حنیف نے گزشستہ سال اکتوبر میں سب سے زیادہ پش اپس لگانے کا گنیزورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا اس سال دوبارہ مارشل آرٹس کے شعبے میں مزید ریکارڈزکے حصول کیلیے پُر عزم ہیں ۔کراچی سے تعلق رکھنے والے اسد حنیف مارشل آرٹس میںمجموعی طور پر تین گنیز ریکارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایشین چیمپئن شپ میں مُلک کے لیے گولڈ میڈل بھی جیت چکے ہیںمگر ان کارہائے نمایاں کے باوجود ابھی تک صوبائی و فاقی سطح پر کسی بھی قسم کی سرپرستی و معاونت سے محروم رہے ہیں۔

(جاری ہے)

- اسد حنیف نے کہا کہ ملکی مارشل آرٹس کھلاڑی بے یار و مددگار ہیں اور اپنے مستقبل کے حوالے سے بے یقینی کا شکار ہیں ۔بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نا م روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی سرپرستی سے محرومی ایک المیہ سے کم نہیں۔ نچلی سطح سے تعلق رکھنے والے غیر مراعات یافتہ کھلاڑیوںکی تنِ تنہا عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی حب الوطنی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے جو کسی بھی دوسرے اعزاز سے بڑھ کر ہے لیکن اپنے ہی لوگوں سے بار بار ہار جاناہماری بے بسی کی عبرت ناک علامت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی سرکاری و غیر سرکاری سرپرستی کی عدم موجودگی کے باوجود خوب سے خوب تر کی جانب اپنا سفر جاری رکھیں گے اور وطنِ عزیز کے لیے مزیدعالمی اعزازات حاصل کرکے دکھائیں گے۔