پاکستان جونیئر سکواش ٹیم ملائیشین اوپن میں شرکت کے لئے ملائشیا روانہ ہوگئی

پیر 18 جون 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) پاکستان جونیئر سکواش ٹیم ملائیشین اوپن میں شرکت کے لئے ملائشیا روانہ ہوگئی۔ٹیم کے ہمراہ عامر اقبال پاکستانی جونیئر ٹیم کے منیجر اور وزیرخان کوچ موجود ہیں۔ پاکستان جونیئر سکواش ٹیم میںذیشان ذیب، خوشحال، حماد ، نورزمان، حمزہ، عماد اور یاسین ٹیم میںشامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جونیئر سکواش ٹیم جون جولائی میںملائشیا میں منعقد ہونے والے سکواش کے مقابلوں میں شرکت کے لئے لاہور کے راستے ملائشیا روانہ ہوگئی۔

پاکستان سکواش فیڈریشن کے فلائیٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال ٹیم کے منیجر اوروزیر خان ٹیم کے کوچ ہیں ٹیم میں انڈر 19کیٹگری کے ذیشان زیب، انڈر17کیٹگری کے خوشحال ریاض خان، حماد خان، انڈر15 کیٹگری کے نورزمان، محمد حمزہ، محمد عماد اور انڈر13کیٹگری کے یاسین خٹک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان جونیئرٹیم کوالالمپور سے سارواک جائے گی۔ جہاں وہ 20جون سے شروع ہونے والی سی ایم ایس بورنیو جونیئراوپن سکواش چیمپیئن شپ میں شرکت کرے گی ،جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی ملائشیا کے شہر پینانگ جائیں گے ،جہاں وہ پینانگ(ملائیشین)جونیئر اوپن سکواش چیمپیئن شپ میں شرکت کریں گے ۔

سکواش کے یہ دونوں مقابلے عالمی سطح پر بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ جن میں دنیابھر سے سکواش کے سرکردہ جونیئرکھلاڑی حصہ لے رہے ہیںروانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخان نے کہا کہ پاکستانی جونیئر ٹیم میں شامل کھلاڑی جاپان اوپن، قطر اوپن اور دوحا اوپن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہوں نے ملائشیا کے ان مقابلوں کے لئے رمضان المبارک کے دوران اسلام آبادکی نیشنل سکواش اکیڈمی میں منعقدہ خصوصی کیمپ کے دوران بھرپور تیاری کی ہے۔ اس لئے یہ توقع ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ان دونوں ٹورنامنٹس میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔