حیدرآباد میں بھی عید الفطر عقیدت واحترام اور مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی

مساجد،عید گاہوں اور کھلے مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات میںنماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ،اجتماعات میں ملک کی خوشحالی ،استحکام ،بھائی چارے اور امن و امان سمیت شام ، فلسطین ،کشمیراور دیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوںکیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

پیر 18 جون 2018 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) حیدرآباد میں بھی عید الفطر عقیدت واحترام اور مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی ،مساجد،عید گاہوں اور کھلے مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات میںنماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ،اجتماعات میں ملک کی خوشحالی ،استحکام ،بھائی چارے اور امن و امان سمیت شام ، فلسطین ،کشمیراور دیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوںکیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ،تفصیلات کے مطابق حیدرآباد اور اس کے قرب و جوار کے علاقوں میں عید الفطر عقیدت واحترام اور مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی اس سلسلے میں مساجد ،امام بارگاہوں ،پارکوں ،کھلے میدانوں اور عید گاہوں سمیت 900سے زائد مقامات پر نماز عید کے چھو ٹے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں علماء کرام اور آئمہ مساجد نے ملک و قوم کی خوشحالی ،ترقی ، امن و مان سمیت فلسطین ، شام اور کشمیر میں شہید ہو نے والے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کرائیں ،حیدرآباد میں نماز عید کا مر کزی اجتماع مر کزی عید گاہ رانی باغ میں منعقد ہوا جہاں سرکاری افسران اورمعززین شہر کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی اسی طرح افضال شاہ گرائونڈ لطیف آباد یونٹ نمبر 10، بورڈ اسٹیڈیم لطیف آباد،عید گاہ صدر ،لبرٹی مارکیٹ اور قدم گاہ مولا علی سمیت دیگر مقامات پر بھی عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہو ئے جن میں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ، عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کے حوالے سے ایس ایس پی حیدرآباد کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جس کے تحت مساجد ،عید گاہوں اور نماز عید کے ہونے والے اجتماعات کے کھلے مقامات پر دھائی ہزار اہلکار وں ، 250 پولیس کمانڈوز جن میں لیڈیز پولیس کمانڈوز بھی شامل تھیں تعینات کئے گئے تھے۔