پیپلزپارٹی جمہوریت اور شہیدوں کے نام پر سندھ کو تباہ کررہی ہے، ایاز لطیف پلیجو

عوام اب بیدار ہوچکے ہیں ، پانچ سالوں کے بعد کرپٹ نمائندوں کو عوام واپس کررہے ہیں۔ 25جولائی کو تارے کے نشان پر ٹھپہ لگاکر کرپٹ زرداری مافیا کو دن میں تارے دکھادیں گے، جنرل سیکرٹری گرینڈ ڈیموکریٹس الائنس

پیر جون 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے جنرل سیکریٹری ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت اور شہیدوں کے نام پر سندھ کو تباہ کررہی ہے، عوام اب بیدار ہوچکے ہیں ، پانچ سالوں کے بعد کرپٹ نمائندوں کو عوام واپس کررہے ہیں۔ 25جولائی کو تارے کے نشان پر ٹھپہ لگاکر کرپٹ زرداری مافیا کو دن میں تارے دکھادیں گے۔

(جاری ہے)

وہ مختلف علاقوں ڈیپلائی کالونی، پٹھان گوٹھ، گوٹھ اکبر بروہی ، گوٹھ منٹھار شورو اور وحدت کالونی سے ہوئے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر آئے ہوئے وفد نے ایاز لطیف پلیجو کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ پیپلزپارٹی مفاد پرستوں کا ٹولہ بن گئی ہے۔ جو شہیدوں کے خون کا سودا کرکے سندھ دشمن منصوبوں کا اعلان کررہی ہے، روڈ، ڈرینج، پانی،، صحت، تعلیم اور دیگر منصوبوں پر اربوں روپے ہڑپ کئے۔ پوری دمیان میں سب سے زیادہ قدرتی وسائل سندھ کے پاس ہیں ، نوجوان بیروزگاری کے سبب خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، بھوک، بدحالی، بیروزگاری، کرپشن اور تباہی کا حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔