نواز شریف کے ساتھ 34 سال کا تعلق رہا‘ میں نے مسلم لیگ ن کی ایک ایک اینٹ رکھی،چوہدری نثار

ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی،مجھ پر نواز شریف کا کوئی قرض نہیں، ایسا کوئی کام نہیں کیا جو اصول سے منافی ہو مریم نواز شریف سے کیا اختلافات تھے قوم کو بتانا چاہتا ہوں، لیکن اس وقت بیگم کلثوم نواز کی صحت ٹھیک نہیں ہے ، مخالفین کو علم ہونا چاہیے کہ میں اکیلا نہیں ہوں، گزشتہ روز چکری میں کارنر میٹنگ سے خطاب

پیر 18 جون 2018 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ 34 سال کا تعلق رہا‘ میں نے مسلم لیگ ن کی ایک ایک اینٹ رکھی۔ ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی۔ مجھ پر نواز شریف کا کوئی قرض نہیں۔ ایسا کوئی کام نہیں کیا جو اصول سے منافی ہو۔ مریم نواز شریف سے کیا اختلافات تھے قوم کو بتانا چاہتا ہوں۔

لیکن اس وقت بیگم کلثوم نواز کی صحت ٹھیک نہیں ہے ، مخالفین کو علم ہونا چاہیے کہ میں اکیلا نہیں ہوں ۔ گزشتہ روز چکری میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جس پر اللہ کا کرم ہے اس پرکوی خوف طاری نہیں ہوتا۔ 25 جولائی کا سورج کارکنوں کے فتح سے طلوع ہوگا۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ 34 سال میں ن لیگ کی ایک ایک اینٹ رکھی اس دوران کبھی ضمیر کا سودا نہیں کیا۔

(جاری ہے)

میں نے سر اٹھا کر سیاست کی ہے کسی کے ساتھ خوشامد نہیں کی چاپلوسی نہیں کی۔ اپنی سیاست سے اپنے رشتہ داروں کو فائدہ نہیں پہنچایا۔ میں نے 34 سال نواز شریف کا بوجھ اٹھایا۔ نواز شریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاست نہیں تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا مجھ پر نہیں میرا ان پر اور ان کے خاندان پر قرض ہے۔ میں اللہ تعالیٰ اور قوم اور نواز شریف کے سامنے جوابدہ ہوں کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کرکھڑا نہیں ہوا۔

آج سے الیکشن کا مہم جاری کردی ہے۔ مخالفین کو دریا میں بہانے کیلئے تیار ہو جائو ۔ مخالفین ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ مخالفین کو علم ہونا چاہیے کہ چوہدری نثار اکیلا نہیں ہے۔ ہمارے ووٹر اور امیدوار کا رشتہ نہیں بلکہ مٹی کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ 34 سال کا ساتھ رہا۔ پچھلے مہینوں میں میری ذات کے حوالے سے بہت غلط باتیں کی گئیں ۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو دینے کیلئے میرے پاس بہت سے جوابات ہیں لیکن کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے وہ پریشان ہیں میں نہیں چاہتا کہ اس صورتحال میں ان کے بارے میں کچھ کہوں۔ مریم نواز سے کیا اختلافات تھے قوم کو بتانا چاہتا ہوں۔ عوام کے ساتھ دل کی باتیں کرنا چاہتا تھا میرے راستے میں رکاوٹ آگئی۔ بیگم کلثوم کے حوالے سے شریف خاندان مشکل میں ہے۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا جو کردار رہا وہ سامنے لانا چاہتا ہوں۔