Live Updates

تفصیلی خبر )

عمران خان نے این اے 53 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کا جواب بذریعہ وکیل جمع کرادیا

پیر 18 جون 2018 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے این اے 53 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب بذریعہ وکیل جمع کرادیا جبکہ بابر اعوان پی ٹی آئی سربراہ کے کاغذات کی اسکروٹنی کیلئے آج ریٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہوں گے۔جسٹس اینڈ ڈیموکریٹنگ پارٹی کے امیدوار کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات پر عمران خان کی جگہ بابر اعوان کے معاون وکیل نے تحریری جواب ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف اعتراضات بے بنیاد اور فریب کاری پر مبنی ہیں۔

تحریری جواب کے مطابق عمران خان پر لگائے گئے اعتراضات الزامات ہیں جو جھوٹ پر مبنی، من گھڑت اور غیر تصدیق شدہ ہیں۔تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پر لگائے گئے اعتراضات فوٹو اسٹیٹ کاغذات پر مشتمل اور غیر تصدیق شدہ ہیں جو جعل سازی کے زمرے میں آتے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریری جواب کے مطابق بیرون ملک سے کاغذات منگوانے اور بھجوانے کا قانونی طریقہ کار موجود ہے اور عمران خان پر اعتراضات کے کاغذ پکوڑے لپیٹنے کے کام بھی نہیں آسکتے۔

واضح رہے کہ ریٹرنگ آفیسر نے این اے 53 کے امیدواروں عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پی ٹی آئی رکن عائشہ گلالئی کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔گزشتہ روز یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ عمران خان کے بجائے ان کے وکیل بابر اعوان آج ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوں گے تاہم بابر اعوان کی جگہ ان کے معاون وکیل رائے تجمل پیش ہوئے اور ریٹرننگ افسر کو آگاہ کیا کہ بابر اعوان آج پیش نہیں ہوسکتے کیونکہ وہ ایسے ہی ایک کیس میں لاہور میں پیش ہوئے ہیں ۔

معاون وکیل نے بابر اعوان کی حاضری سے ایک دن استثنیٰ کی درخواست کی جسے ریٹرنگ آفیسر نے منظور کرتے ہوئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اسکروٹنی کے لیے بابر اعوان کو آج صبح طلب کرلیا۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر عبدالوہاب بلوچ نے اعتراضات دائر کر رکھے ہیں، اس لیے عمران خان کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کا جواب دینا ہوگا۔

دوسری طرف حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں عمران خان، شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان،علی اعوان بھی شامل ہیںجبکہ ریٹرنگ آفیسر کی جانب سے این اے 53 سے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائیگی۔۔۔۔۔۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات