پیپلز پارٹی کو الیکشن سے باہر نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، فاروق ایچ نائیک

کوئی تیسری قوت آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن سے باہر کرنا چاہتی ہے الیکشن کمیشن نوٹس لے اور تحقیقات کرے کہ اس سارے معاملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جون 2018 20:50

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) پیپلز پارٹی کو الیکشن سے باہر نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں کوئی تیسری قوت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن سے باہر کرنا چاہتی ہے الیکشن کمیشن نوٹس لے اور تحقیقات کرے کہ اس سارے معاملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 سے امیدوار آصف علی زرداری پر دو اعتراضات داخل کئے گئے تاہم اعتراضات داخل کرنے والوں نے اپنے درخواستیں واپس لے لی اور جب ریٹرننگ آفیسر نے فارم بحا ل کرنے تھے اچانک ایک نئی درخواست دائر کردی گئی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف منظم سازش کی جارہی ہے اس عمل سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی تیسری قوت آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن لڑنے سے روکنا چاہتی ہے اور یہ قوت نہیں چاہتی کے وقت پر ہمارے امیدوار کلیئر ہوسکیں۔

(جاری ہے)

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر سے معاملے کی فوری انکوائری کرنے اور اس شخص کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں جو اس سارے معاملے میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی کے کو چیئرمین آصف زرداری پر غلط الزامات لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور منظم طریقے سے لوگوں کو پیپلز پارٹی پارلیمیٹرین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔#