انتخابات میں اے این پی کی کامیابی یقینی ،حکومت میں آنے کے بعد جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا،میاں افتخار حسین

پیر 18 جون 2018 21:00

نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ انتخابات میں اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آنے کے بعد جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا تا کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے جا سکیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 65 سپین خاک پبی میں تنظیمی اجلاس اور باب قدیم سمیت مختلف یوسیز میں جرگوں اور حجروں کے دوروں کے دوران پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی کی انتہائی اہم اور سرکردہ شخصیات نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حصین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اس موقع پر ان کے ہمراہ عباس خان زر علی خان سمیت دیگر قا ئدین بھی مو جود تھے میاں افتحار حسین نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں سے نالاں عوام کا رجحان اے این پی کی جانب بڑھ رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم عملی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیشہ انسانیت کی خدمت کیلئے سیاست کی ، انہوں نے کہا کہ بلا رنگ و نسل اور تفریق کئے بغیر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہے ہیں اور مستقبل میں بھی عوام کے مسائل اور صوبے میں ترقی کے دور کا دوبارہ آغاز اپنا مشن بنائیں گے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی تشدد ،فرقہ واریت اور دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی تلافی اور بحالی کیلئے معاشرتی حقوق کی بنیاد پر قانون اور انشورنس پالیسی مرتب کرے گی اور اس کا دائرہ کار صوبے میں ضم ہونے والے فاٹا تک بڑھائے گی اور شہداء سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات سر فہرست ہونگے اور ہر ڈویژن میں فعال برن یونٹ اور ٹراما سنٹر قائم کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تمام شعبے زبوں حالی کا شکار رہے اور اے این پی دوبارہ اقتدار میں آ کر تمام محکموں کی حالت بہتر بنانے سمیت سرکاری خزانے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گی ، انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے وسائل پنجاب کے ووٹ بنک کیلئے صرف کئے گئے اور تخت اسلام آباد کے خواہشمند نے صوبے کو پانچ سال تک نظر انداز کئے رکھا ، ،میاں افتخارحسین نے مزید کہا کہ انتخابات بہرصورت وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق صرف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں پر لاگو ہوتا ہے، انہوں نے زور دیا کہ انتظامیہ اور عملے کے ارکان کیلئے بھی ضابطہ اخلاق ہونا چاہئے تاکہ انہیں پابند رکھ کر شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات ملک کیلئے انتہائی اہم ہیں، میاں افتخارحسین نے پارٹی عہدیداروں و کارکنوں پر زور دیا کہ وقت کم ہونے کے پیش نظر وہ اپنی سرگرمیاں اور تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں، بینرز اور جھنڈوں کا سلسلہ تیز کریں ۔