ْعید الفطر کے موقع پر اہم شخصیات کی گورنرسندھ محمد زبیر سے ملاقاتیں ، عید کی مبارک باد دی

پیر 18 جون 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں مختلف شعبہ جائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے عید ملی۔ گورنر سندھ سے نئے تعینات ہونے والے آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے بھی ملاقات کی اور انہیں سندھ پولیس کی جانب سے صوبہ میں سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر بھی موجود تھے۔

بوہری کمیونٹی کے ایک وفد نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کرکے انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر سندھ سے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جمیل یوسف ، صوبائی وزیر ترقی نسواں و ایجوکیشن و ہیلتھ ڈاکٹر سعدیہ رضوی، نگراں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجواناں ڈاکٹر جنید شاہ ، نگراں صوبائی مشیر برائے وزیر اعلیٰ سندھ بریگیڈیئر(ر) حارث ، صوبائی محتسب اسد اشرف ملک ، ڈاکٹر عشرت حسین، پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مین عزیز میمن اور کموڈور اکبر ایس نقی نے بھی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گورنرہائوس میں گورنرسندھ سے سعودی عرب، ملائیشیا، ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے سفارتکاروں نے بھی عید ملی۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے معذور افراد کی تنظیم ایسوی ایشن فار دی ویلفیئر آف ھینڈی کیپڈ پر سنز (Association for the Welfare of Handicapped Persons) کے وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوی ایشن کے صدر عبداللہ خان کورائی کررہے تھے۔ گورنرسندھ نے معذور افراد کو عید کی خوشی میں شامل کرنے پر عبد اللہ خان کورائی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں عید کی مبارک باد بھی پیش کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔#