این اے 243، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار کے کاغذات نامزدگی مسترد

پیر 18 جون 2018 21:10

این اے 243، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار کے کاغذات نامزدگی مسترد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) ایم کیو ایم پاکستان رہنما سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہار الحسن کے این اے 243 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔پیر کوکاغذات کے جانچ پڑتال کے موقع پراین اے 243 میں ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔اس موقع پر اس وقت صورتحال سامنے آئی جب معلوم ہوا کہ این اے 242 کے ریٹرننگ افسر نے غلطی سے این اے 243 کے کاغذات وصول کرلئے تھے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ افسر نے کہا کہ آپ نے غلط جگہ فارم جمع کرائے اور ہم نے غلطی سے وصول کرلئے، آپ کا مسئلہ ایپلٹ ٹریبونل پر حل ہوسکتا ہے آپ الیکشن ٹریبونل سے منگل کو رجوع کرسکتے ہیں،ہمارے پاس کاغذات منظور کرنے کا اختیارنہیں آپ متعلقہ الیکشن ٹریبونل میں فیصلے کے خلاف جاسکتے ہیں،دوسری جانب پی ایس حلقہ 66 سے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار راشد انجم کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، پی ایس حلقہ 63 کے امیدوار عاطف علی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کے حلقہ پی ایس 66 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔