ایم کیو ایم کی ووٹ مشین اس بار کام نہیں کرسکے گی،پیپلزپارٹی کراچی سے 50 فیصد سے زائد سیٹیں لے گی ،سعید غنی

سب مل کر بھی پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، امید ہے کراچی کے عوام پیپلزپارٹی کو کامیاب کریں گے، میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جون 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو دھاندلی کے ذریعے ووٹ نہیں ملیں گے، ایم کیو ایم کی ووٹ مشین اس بار کام نہیں کرسکے گی۔پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ انتخابات 2018 اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، سب مل کر بھی پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

رہنما پیپلزپارٹی کے مطابق کراچی میں پہلی بار عام انتخابات شفاف ہوں گے، ووٹرز کو پولنگ کی سہولت قریب علاقوں میں پولنگ اسٹیشن میں ملنی چاہئے۔سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے 50 فیصد سے زائد سیٹیں لے گی، پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی، امید ہے کراچی کے عوام پیپلزپارٹی کو کامیاب کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعید غنی نے کہا کہ کراچی والوں نے دہشت گرد جماعتوں کو چھوڑ دیا ہے، پیپلزپارٹی نے حکومتی پالیسی کے تحت کراچی کے مسائل حل کئے ہیں، پیپلزپارٹی میں لوگوں کی شمولیت عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ایم کیوایم دیہی اور شہری علاقوں میں فرق کو مٹانے کی باتیں کیا کرتی تھی جبکہ اب یہی ایم کیوایم اب فاصلے بڑھانے کی باتیں کررہی ہے کیونکہ ایم کیوایم کو جب بھی خطرہ محسوس ہوتا ہے وہ لسانی سیاست شروع کردیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم مذموم مقاصد کیلئے لوگوں میں دوبارہ نفرت پیدا کررہی ہے۔