مجلس عمل کراچی کے مایوس عوام کے لیے امید کی کرن ہے، نسیم صدیقی

پیر 18 جون 2018 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد کے امیر و امیدوار PS-130نسیم صدیقی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کراچی کے مایوس عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ دینی قوتوں کا ایک جگہ جمع ہو نا انتہائی نیک فال اور عوامی خواہشات کے مطابق ہے۔ مجلس عمل ہی کراچی کے عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ عوام 25جولائی کو انتخابی نشان کتاب پر مہر لگا کر اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنائیِں۔

اس خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ گلشنِ فاروق نارتھ کراچی کے تحت عید ملن کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم علاقہ شہزاد مظہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ اس علاقے سے قومی اسمبلی حلقہ این اے 256کے امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ہیں۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکر یٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سیکریٹری زون علی ارشد ، پبلک ایڈ کمیٹی گلشن فاروق کے صدر افتخار عباسی،اکرم قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب میں اہلِ محلہ کی بڑی تعداد نے شر کت کی اور ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کے قومی اسمبلی این اے 256اور نسیم صدیقی کے پی ایس 130سے امیدوار نامزد ہونے کا بھر پور خیر مقدم کیا۔ نسیم صدیقی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مجلس عمل نے 2002ء میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور کراچی سے قومی اسمبلی کی 5اور صوبائی اسمبلی کی 7نشستیں جیتی تھیں۔

اس دفعہ بھی بھر پور کامیابی حاصل کی جائے گی اور عوام کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کارکنوں اور ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے بھر پور محنت اور کوشش کریں۔ شہزاد مظہر نے کہا کہ نارتھ کراچی سے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور نسیم صدیقی بہترین امیدوار ہیں۔ ماضی میں اس علاقے سے عوام سے ووٹ لینے والے کامیابی حاصل کر نے کے بعد عوام کو بھول گئے تھے اور کبھی کہیں نظر نہیں آئے، جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے اندر موجود رہی ہے اور ہماری پبلک ایڈ کمیٹی نے علاقے کے عوام کو بجلی ، پانی اور سیوریج کے مسائل سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔