نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا گوجرانوالہ کا دورہ، صفائی اور مون سون کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ

کھانے پینے کی اشیاء کی کوالٹی کا بھی معائنہ کیا،کوڑا کرکٹ کی شکایات پر سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار گوجرانوالہ میں صفائی کے انتظامات اور شہری سہولتوں کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے خصوصی گرانٹ مہیا کرنیکا اعلان شہر کو صاف ستھرا رکھنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے،شہر میں گندگی، نکاسی آب کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت شہریوں کو صفائی کے انتظامات کے حوالے سے شکایات پیدا نہیں ہونی چاہئیں، انتظامی افسران خود نگرانی کریں شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے،نگران وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی سرکٹ ہائوس گوجرانوالہ آمد،نگران وزیراعلیٰ سے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ کی ملاقات

پیر 18 جون 2018 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے پیر کو گوجرانوالہ شہر کا دورہ کیا اورشہر میں صفائی اور مون سون کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔نگران وزیراعلیٰ نے کھانے پینے کی اشیاء کی کوالٹی کا بھی معائنہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے شہریوں کی گندگی اور کوڑا کرکٹ کی شکایات پر سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیااور شہر میں گندگی، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات اور ناقص خوراک پر برہمی کا اظہار کیا۔

دورے کے بعد نگران وزیراعلیٰ سرکٹ ہائوس گوجرانوالہ آئے جہاںنگران وزیراعلیٰ سے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او گوجرانوالہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میںنگران صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی اور احمد وقاص ریاض بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوجرانوالہ میں صفائی، نکاسی آب کے انتظامات اور کھانے پینے کی اشیاء کی کوالٹی کو بہتر بنایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ شہر میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا متعلقہ محکمے اور ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔ کوڑا کرکٹ کو جلد سے جلد مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔ شہریوں کو صفائی کے انتظامات کے حوالے سے شکایات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔

انتظامی افسران صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورفوڈ اتھارٹی اس ضمن میں متحرک اور فعال کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ جہاں تک ہو سکا شہریوں کو ریلیف فراہم کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمے اپنے فرائض محنت سے سرانجام دیں۔