عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی قیادت کا حاجی عبدالستار کاکڑ کی وفات پر تعزیت کا اظہار

پیر 18 جون 2018 22:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی قیادت مرکزی کمیٹی کے رکن و سابق صوبائی نائب صدر حاجی عبدالستار کاکڑ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی اور تحریک کے لئے مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے ایک سچے سیاسی کارکن کی حیثیت سے پارٹی کے لئے جوخدمات سرانجام دیں وہ ہر سیاسی کارکن کے لئے مشعل راہ ہیں۔

اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ حاجی عبدالستار کاکڑ جن کا گزشتہ روز انتقال ہوگیا انہوں نے انتہائی کٹھن اور مشکل حالات میں بھی پارٹی اور قومی تحریک کے لئے قربانیاں دیں اور بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے اس راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ او رپریشانی کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور باچاخان بابا کے سچے پیروکار کی حیثیت سے انہوں نے ہر وقت پشتونوں کے اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کے لئے مثالی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

مرحوم حاجی عبدالستار کاکڑ نے ساری زندگی قومی فکر سے جڑے رہ کر قومی حقوق کے حصول، جمہوریت، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر اپنا فعال کردار ادا کیا مرحوم نے پارٹی میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دیں اور ساری زندگی باچاخان بابا کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل پیرا رہے ان کی سیاسی اور قومی خدمات نہ صر ف پارٹی بلکہ تمام سیاسی کارکنوں کے لئے قابل قدر ہیں بالخصوص ہرسیاسی کارکن کے لئے ان کی خدمات اور جدوجہد مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء مدتوں پر نہیں ہوگا۔ بیان میں حاجی عبدالستار کاکڑ کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :