کراچی سے بنکاک جانے والی پرواز میں بھکاری گھُس گیا

مسافر جہاز میں بھیک مانگنے والے کو دیکھ کر پریشان ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جون 2018 12:02

کراچی سے بنکاک جانے والی پرواز میں بھکاری گھُس گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2018ء) : گداگری کے تدارک کے لیے حکومت نے آج تک کوئی موثر اقدام نہیں کیا ، بس اسٹیشن ، ریلوے اسٹیشن ، اور گلی محلوں میں بھی اکثر ہی ہر عمر کے لوگوں کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا ہے لیکن حال ہی میں کچھ ایسا ہوا جسے سُن کر کسی کو یقین نہیں آئے گا۔ حال ہی میں کراچی سے بنکاک جانے والی ایک نجی ائیر لائن کی پرواز میں بھکاری گھُس گیا۔

جی ہاں! جہاز میں بھکاری گھُسنے اوراسے بھیک مانگتا دیکھ کر جہاز میں سوار مسافر پریشان ہو گئے۔ نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی سے بنکاک جا رہی تھی کہ اس میں ایک بھکاری گھُس گیا۔ بھکاری سندھی زبان میں جہاز میں سوار مسافروں سے بھیک مانگتا رہا، جس پر فضائی میزبان اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ ائیر پورٹ اور جہاز کے عملے نے بھکاری کو جہاز سے اُتارنے کے لیے منتوں سے کام لیا۔

(جاری ہے)

بھکاری کا جہاز میں گھُس جانا مسافروں کو حیران و پریشان کرنے کے لیے کافی تھا۔ جہاز میں بھکاری کے گھُسنے اور بھیک مانگنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ جہاز میں سوار ایک مسافر نے اس بھکاری کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی جسے دیکھ کر کئی صارفین تو محظوظ ہوئے لیکن متعدد صارفین نے اس پر ائیر پورٹ کے عملے اور جہاز کے اسٹاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جہاز کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ بسوں اور ریلوے اسٹیشنز پر تو اکثر بھکاریوں کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا ہے لیکن اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ ایک بھکاری جہاز میں ہی سوار ہو گیا۔ یہ دیکھ کر ہوائی کمپنی اور ائیر پورٹ کی سکیورٹی پر بھی کئی سوالات کھڑے ہوتے ہیں کہ اگر بغیر چیکنگ کے ایک بھکاری ائیر پورٹ سکیورٹی اور جہاز کے عملے سے چھُپ کر جہاز میں داخل ہو سکتا ہے تو پھر کوئی شخص بھی جہاز میں داخل ہو کر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو موجب بن سکتا ہے۔ جہاز میں موجود مسافروں نے بھی بھکاری کے جہاز میں گھُسنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: