Live Updates

این اے 53اسلام آباد سے عمران خان کے کاغذات پراعتراضات سے متعلق فیصلہ محفوظ

زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کسی کو فون نہیں کیا۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 جون 2018 12:20

این اے 53اسلام آباد سے عمران خان کے کاغذات پراعتراضات سے متعلق فیصلہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جون۔2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53اسلام آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات پراعتراضات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیاگیا ہے۔ منگل کو حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اعتراض کی سماعت ہوئی۔اعتراض کنندہ عبدالوہاب بلوچ کے وکیل شیخ احسن الدین نے ریٹرننگ آفیسرکے سامنے پیش ہوکر دستاویزات اورشواہد پیش کئے۔

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج سنایا جائے گا۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے آرٹیکل 62 پڑھ کرسنایا اورکہاکہ عمران خان عدالت سے نااہل نہیں ہوئے اورٹیرئن کے حوالے سے امریکی عدالت کا فیصلہ ، اخباری تراشے اورٹوئیٹرپرمشتمل تینوں اعتراضات جعل سازی اورفراڈ پرمبنی ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ 3 نام نہاد الزامات لگائے گئے ہیں ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اعتراضات میں جس بیٹی کا حوالہ دیا گیا اس کی عمر27 سال ہے، ماں نے آکرپاکستان میں دعوی کیا نہ بیٹی نے، عمران خان کیخلاف امریکا کی نام نہاد عدالت نے فیصلہ دیا۔امریکی عدالت کے فیصلے کا اطلاق پاکستانی قوانین پرنہیں ہوتا، آئین کے تحت پاکستانی عدالتوں سے سزا یافتہ شخص انتخابات لڑنے کا اہل نہیں اورپاکستان کی کسی بھی عدالت نے عمران خان کے خلاف فیصلہ نہیں دیا۔

عمران خان کے وکیل نے مزیدکہا کہ آج کل مشہورشخصیات کا فیک ٹویٹراکاﺅنٹ بنا کر ٹوئٹ کئے جاتے ہیں، پاکستان میں ہرجگہ پیسہ بولتا ہے۔ پاکستان میں سائبرکرائم قانون موجود ہے، جوفوٹو کاپیاں لگائی گئی سائبرکرائم کے زمرے میں آتی ہیں، اب خواہشوں کو خبر بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے تحریری جواب میں اعتراضات کو 7 بار مسترد کیا جبکہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو صادق اورامین قراردیا ہے۔

درخواست گزارکے وکیل شیخ الحسن الدین نے کہاکہ بابراعوان نے دلائل میں کہا کہ عمران خان نے جواب میں ٹیرین کوبیٹی ماننے سے انکار نہیں کیا تاہم کہتے ہیں یہ وہ عمران خان نہیں ہیں جن کیخلاف امریکی عدالت کا فیصلہ ہے۔وکیل نے کہا کہ الزام تراشی اس جماعت کا کلچر اور وطیرہ ہے اگریہ کلچر پھیلا توبات دورتلک جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کسی کو فون نہیں کیا۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چیلنج دیتا ہوں کہ کوئی کہہ دے کہ زلفی کے لیے اعظم خان یا کسی کو فون کیا ہو۔عمران خان نے کہا کہ چارٹر طیارے کے ذریعے عمرے کے لیے جا کر کوئی غلط کام نہیں کیا، ستائیسویں شب کو جانا چاہتا تھا، چارٹر طیارہ نہ ہوتا تو عمرے پر جاتا ہی نہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے یا چوری کے پیسے سے چارٹر طیارے پر نہیں گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات