قطر :بھکاری بھیک مانگنے جہاز میں جا پہنچا

اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ دوحہ سے ایران جانے والی فلائٹ میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جون 2018 12:29

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جُون 2018ء) بھکاری دُنیا کے ہر خطے میں پائے جاتے ہیں۔ امریکا‘ برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ملک ہوں یا پاکستان بھارت جیسے ترقی پذیر ملک‘ یا پھر یوگنڈا ‘ سوڈان جیسے پسماندہ مُلک۔ سائبیریا کی منجمد کر دینے والی سردی ہو یا عرب کے 60 درجے کے درجہ حرارت میں جلتے تپتے صحرا‘ کوئی بھی خطہ ان کی زد سے محفوظ نہیں۔ بھیک مانگنے کی لت اتنی بُری ہے کہ کئی بھکاری کروڑوں پتی ہونے کے باوجود اس سے پیچھا نہیں چھُڑا سکتے۔

گھر میں نوٹوں کے ڈھیر لگے ہیں مگر سارا دِن پھٹے پُرانے میلے کچیلے کپڑوں اور چہرے پر پھٹکار اور مسکینی سجا کر ہاتھ پھیلانے میں گزر جاتا ہے۔ بھکاریوں کے حوالے سے نِت نئے دلچسپ انکشافات سامنے آتے رہتے ہیں۔ مگر اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو ناظرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں ایک بھکاری ہمت کر کے قطر کے دارالحکومت دوحہ سے ایران کے شہر شیراز جانے والی انٹرنیشنل پرواز میں جا گھُسا۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھکاری قطر ایئر لائنز کی انٹرنیشنل پرواز نمبر 476 میں دھڑلے سے بھیک مانگ رہا ہے۔ یوں لگتا ہے کہ جیسے وہ کسی جہاز میں نہیں بلکہ شیخوپورہ جانے والی کسی بس پر چڑھ آ یا ہے۔ فلائٹ اٹینڈنٹ اور ایئر ہوسٹس کی جانب سے اُسے جہاز سے باہر جانے لیے کہا جا رہا ہے مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا اور بھیک کے لیے سوچی سمجھی رقم اکٹھی کرنے سے پہلے جہاز سے نیچے اُترنے کو تیار نہیں۔

مسافر بھی جان چھُڑانے کے لیے اُسے رقم دے رہے ہیں۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت دلچسپ کمنٹس سامنے آ رہے ہیں۔ دُوسری طرف قطر ایئر لائنز میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر بھی خاصی لے دے ہو رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھکاری جہاز میں گھُس سکتا ہے تو کوئی تخریب کار بھی اپنے خوفناک عزائم کی تکمیل کے لیے جہاز میں گھُس آنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔