چوہدری نثار کو خاموش کراؤ!۔۔۔ناراض لیگی رہنماء کی دھمکی کے بعد ن لیگ نے حکمت عملی بنا لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جون 2018 13:33

چوہدری نثار کو خاموش کراؤ!۔۔۔ناراض لیگی رہنماء کی دھمکی کے بعد ن لیگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2018ء) : انتخابات کا وقت قریب آتے ہی مسلم لیگ ن کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان کی طرف سے بولنے کا شارہ ملنے پر چند اہم ن لیگی رہنماؤں نے ان سے رابطے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ چودھری نثار علی خان کو ذاتی معاملوں کو عوام کے سامنے نہ لانے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چودھری نثار علی خان کی طرف سے جلد مسلم لیگ ن ، نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے سے اہم انکشافات عوام کے سامنے لانے کا عندیہ دیا گیا ہے جس پر پارٹی کے چند اہم اراکین نے چودھری نثار علی خان سے رابطے کر کے ذاتی معاملات پر کوئی بات نہ کرنے اور خاموشی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، چودھری نثار علی خان ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن کے سامنے ڈٹ گئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ میں تمام حقائق عوام کے سامنے رکھوں گا اور اس ضمن میں چودھری نثار علی خان کی جانب سے جلد پریس کانفرنس کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ پریس کانفرنس نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر ہی کی جائے گی جس میں چودھری نثار علی خان اہم انکشافات کریں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز چودھری نثار علی خان نے جلسے سے خطاب بھی کیا تھا۔ چودھری نثار علی خان کے جلسے میں گذشتہ روز نواز شریف مخالف نعرےبھی لگے۔ جلسے میں شریک عوام نے گو نواز گو اور نثار کو عزت دو کے نعرے لگائے۔

چکری میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ آج ن لیگ اورنوازشریف کےحوالے سے کُھلی باتیں کروں۔ارادہ تھا کہ بہت سی دل کی باتیں کُھل کر سامنے رکھوں۔ میڈیا کےسامنے بہت سی باتیں نہیں کرسکتا۔نوازشریف اوران کی بیٹی کا جو کردار رہا وہ سامنے لانا چاہتا ہوں۔بیگم کلثوم نوازکی طبیعت خراب ہے۔ نوازشریف اورن لیگ کےساتھ چند ماہ سےجوکچھ ہو رہا ہے بتانے کا یہ موقع نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا مجھ پر نہیں میرا اس پر اور اس کے خاندان پر قرض ہے۔34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اُٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نہ بکنے والا ہوں نہ ضمیر فروش ہوں،سیاست عزت کے لیے کروں گا۔اقتدارمیں آ کر کوئی انڈسٹری نہیں لگائی خاندان کو فائدہ نہیں پہنچایا۔مخالفین یہ مت سمجھیں کہ میں یہاں اکیلا ہوں ،یہاں آکر دیکھیں عوام کا جم غفیر بتاتا ہے کہ عوام کس کے ساتھ ہے۔ جومجھے خاموش رہنے کا کہتے ہیں ان کو کہتا ہوں 25 جولائی کو عوام جواب دیں گے۔واضح رہے کہ نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی اور ان کی ملکی اور ریاستی اداروں کے خلاف پالیسی  کے بعد سے ہی چودھری نثار علی خان اور مسلم لیگ ن میں دوریاں بڑھ گئی تھیں۔