اقوام متحدہ کشمیر میں حقائق معلوم کرنے کے لیے اپنا مشن بھیجے‘ شبیر ڈار

عالمی ادارہ کشمیری عوام کوحق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے‘ دختران ملت

منگل 19 جون 2018 14:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی حالیہ رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے جس میں بھارتی فورسز کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ رپورٹ میں علاقے کی سنگین صورتحال کی عکاسی کی گئی ہے اور اس سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بھارت کے کھوکھلے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا مشاہدہ کرنے کے لیے حقائق معلوم کرنے والا مشن کشمیر بھیجدینا چاہیے۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں سے کئے جانے والے وعدوں کا احترام کرنے اورکشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے آمادہ کرے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء دختران ملت نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر انتونیو گتریس پر زوردیاہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حتمی حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی رپورٹ سے بھارت بین الاقوامی سطح پر بے نقاب ہوگیا ہے اوراس سے واضح ہوگیا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے اور وہ اپنے اس قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے۔دختران ملت نے اقوام متحدہ سے پیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خاطر حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے جس کا وعدہ ان سے عالمی ادارے کی منظور شدہ متعدد قراردادوں میں کیا گیا ہے۔