نوازشریف ہرقیمت پر وطن واپس آئیں گے ،عام انتخابات پوری قوم کو لیڈ کریں گے‘رانا ثناء اللہ

چوہدری نثار دوسرے کی طرف انگلی اٹھائیں گے تو چار انگلیوں کا رخ ان کی طرف بھی ہوگا‘رہنما (ن) لیگ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 15:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف ہرقیمت پر وطن واپس آئیں گے اور عام انتخابات پوری قوم کو لیڈ کریں گے،چوہدری نثار دوسرے کی طرف انگلی اٹھائیں گے تو چار انگلیوں کا رخ ان کی طرف بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے چوہدری نثار کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کو اس سے پہلے اس طرح سے نہیں دیکھا، ان کے لہجے میں تلخی تھی اور جو گفتگو انہوں نے کی وہ ان کے شایان شان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کا نوازشریف سے پرانا ساتھ رہا، انہیں چاہیے کہ وہ اس ساتھ کے باقی نہ رہنے پر اسے خوبصورت موڑ پر ہی ختم کریں، قرض اتارنے والی بات یا جتانے والی بات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اگر آپ دوسرے کی طرف انگلی اٹھائیں گے تو چار انگلیوں کا رخ آپ کی طرف ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف ہرقیمت پر وطن واپس آئیں گے اور عام انتخابات پوری قوم کو لیڈ کریں گے۔