پاکستان فرنیچر کونسل کی نیویارک فرنیچر شو میں شرکت سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا‘شہباز اسلم

ہاتھ سے بنے ہوئے ورلڈ کلاس پاکستانی فرنیچر کی بیرون ملک کھپت سے مقامی فرنیچر کی صنعت ترقی کرے گی

منگل جون 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2018ء) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے 23جولائی سے نیو یارک میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل اپیرل سورسنگ اینڈ فرنیچر شو میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فرنیچر کمپنیوں کی بیرون ملک فرنیچر شو میں شرکت سے غیر ملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی اور ہاتھ سے بنے ہوئے ورلڈ کلاس پاکستانی فرنیچر کی بیرون ملک کھپت سے مقامی فرنیچر انڈسٹری ترقی کرے گی ،اس طرح کی نمائشوں سے پاکستانی فرنیچر سازوں کو نئی مارکیٹوں کی تلاش اور فرنیچر کی صنعت میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائونڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور پاکستانی فرنیچر کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے امریکی خریدار ڈائننگ اور بیڈ روم فرنیچر، بچوں کے فرنیچر،چمڑے اور کپڑے کی انتہائی معیاری اور مہنگی مصنوعتا کے متلاشی ہوتے ہیں اور اسی لیے امریکی فرنیچر مارکیٹ کا حجم100بلین ڈالر سے زائد ہے جس میں لکڑی کے فرنیچر کا حصہ70فیصد ہے اور اس میں ایشیائی سپلائرز پہلے نمبر پر ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کی بڑی گنجائش ہے کیونکہ امریکی اور یورپی مارکیٹوں میں گھریلو صارفین میں فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی مانگ عروج پر ہے انہوںنے کہا کہ پاکستانی فرنیچر بیرون ملک برآمد کرکے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔