غزہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے،

صورتحال انتہائی تشویشناک اور خوفناک ہے،گوتریس اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام انتہائی افسوسناک ، عام شہریوں کی زندگی اجیرن، سیکرٹری جنرل

منگل 19 جون 2018 15:50

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کا محصور علاقہ غزہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے،غزہ کی حالیہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور خوفناک ہے،اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام انتہائی افسوسناک ہے،جنگی صورتحال کی وجہ سے عام شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کا محصور علاقہ غزہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے غزہ میں حق واپسی کے لیے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین کے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی تشویشناک اور خوفناک ہے۔

(جاری ہے)

تمام فریقین جو صورت حال کو اس مقام تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں ان کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے۔ میں سب کو متنبہ کرتا ہوں کہ غزہ جنگ کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔ 2014 کی جنگ کے بعد غزہ کی پٹی میں حالات ایک بار پھرانتہائی خطرناک نہج تک پہنچ چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہناہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی ہلاکتوں اور ہزاروں کے زخمی ہونے پر گہرا دکھ اور صدمہ ہے۔ اسرائیلی فوج 30 مارچ سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین کے خلاف براہ راست فائرنگ اور طاقت کا بے دریغ استعمال کررہی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کا غیرمعمولی جانی نقصان ہو رہا ہے۔