شارجہ: پاکستانی شہری کو نوسربازی پر چھ ماہ قید کی سزا

ملزم نے پاکستانی ہم وطن کو کم کرائے پر فلیٹ دینے کے بہانے اُس کی رقم ہتھیا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جون 2018 15:56

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جُون 2018ء) مقامی عدالت نے پاکستانی باشندے کو فراڈ کے الزام میں چھ ماہ قید اور اس کے فوراً بعد ڈی پورٹ کرنے کی سزا سُنائی ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اُس نے اپنے پاکستانی ہم وطن سے دھوکے سے رقم ہتھیائی‘ اُس سے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ وغیرہ منگوا کر اُن میں رد و بدل کر کے دیگر لوگوں کو بھی دھوکا دینے کی کوشش کی۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں الیکٹرانک کمیونیکیشن ٹیکنیشن کے طور پر ملازمت کرنے والے 27 سالہ پاکستانی نے الغریب پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ اُس نے ایک آن لائن ویب سائٹ پر اشتہار دیکھا تھا جس میں کم کرائے پر اپارٹمنٹس کی تشہیر کی گئی تھی۔ اُس نے اس اشتہار میں سے البتینا کے قریب ایک اپارٹمنٹ کا انتخاب کر لیا اور اشتہار میں دیئے گئے نمبر پر رابطہ کیا تو ملزم نے اُسے اپارٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے پچیس سو اماراتی درہم کے ساتھ اُس کے پاسپورٹ اور اماراتی شناختی کارڈ بھجوانے کا کہا تاکہ وہ کرایہ نامہ کا معاہدہ تیار کر سکے۔

(جاری ہے)

ملزم نے متاثرہ شخص کو کرایہ نامہ دینے کے بعد اُس سے رقم وصول کر لی اور کہا کہ وہ اپارٹمنٹ والی جگہ پر جا کر اُس کا انتظار کرے‘ جبکہ وہ ایک گھنٹے کے اندر اپارٹمنٹ کی چابی لے کروہاں پہنچ جائے گا۔ جب مُدعی وہاں گیا تو پتا چلا کہ اُس اپارٹمنٹ میں پہلے سے ہی لوگ رہائش پذیر ہیں۔ اس پر اُس نے کاغذات کی تصدیق کروانا چاہی تو وہ جعلی ثابت ہوئے۔

مُدعی نے عدالت کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد اُس نے ملزم سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر ہر بار اُس کا موبائل فون بند مِلا۔ تھوڑے دِن کے بعد اُسے لوگوں کے فون آنا شروع ہو گئے کہ اُس (مُدعی) نے اُن سے ایک اپارٹمنٹ کے لیے رقم وصول کر لی ہے‘ لہٰذا اپارٹمنٹ اُن کے حوالے کیا جائے۔ مُدعی کے مطابق ملزم نے اُس کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا غلط استعمال کر کے لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ (مُدعی) اس فلیٹ کا مالک ہے جبکہ رقم اُن سے خود ہتھیا لی۔

پولیس کی تفتیش اور عدالتی جرح کے دوران ابوظہبی میں مقیم پاکستانی ملزم نے خود پر عائد کیے گئے الزامات کی حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور سارے معاملے سے لاعلمی ظاہر کی۔ تاہم مُدعی کی جانب سے اُس کے اور ملزم کے درمیان واٹس ایپ پر ہوئی میسجنگ کا ریکارڈ پیش کرنے پر ثابت ہو گیا کہ ملزم نے دھوکا دہی سے مُدعی سے رقم اور اُس کی شناختی دستاویزات ہتھیائی ہیں۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو چھ ماہ قید کی سزا سُنائی ہے۔ سزا پُوری کرنے کے فوراً بعد ملزم کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔