سرسیدیونیورسٹی کے زیرِ اہتمام تقریبِ عید ملن کا انعقاد

منگل 19 جون 2018 16:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام ایک عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے میزبان چانسلر جاوید انوار تھے۔تقریب کے شرکاء میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق، رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین، مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے ممبران بھی شامل تھے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ رمضان المبارک روحانی مشقت اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے اور عید کا دن اللہ کی برکتوں اور رحمتوں کی شکل میں رمضان میں کی گئی روحانی مشقت کا انعام ہے۔عیدالفظر صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ خوشی اور مسرت کے اظہار کا ایک بہت بڑا دن بھی ہے جو ہمیں امن اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

آج جب کہ معاشرہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر رہا ہے، ایسی ناگفتہ بہ صورتحال میں ایسا موقع فراہم ہوجاناکہ احباب باہم اکھٹے بیٹھ کر چند لمحات مسرت کے گزار لیں یقینا ایک انعام سے کم نہیں۔انھوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی درسگاہ ہے اور ہم سرسید احمد خان کے پیروکار ہیں۔فکر سرسید ہی سرسید یونیورسٹی کی بنیاد ہے اور فکر سرسید کا مآخذ کتاب اللہ اور سیرت النبی ہے۔

ہم علی گڑھ کی روایت کے علمبردار ہیں اور یہ پُروقار تقریب بھی اسی عمدہ روایت کا ایک تسلسل ہے جو سکون و مسرت کی غصب شدہ ساعتوں کی بازیابی کے لیے منعقد کی گئی ہے۔تقریب کا بنیادی مقصد صرف یہ ہے کہ یارانِ علیگ اوراحباب، اکھٹے ہوں اور خوشی کے ان لمحات کا فیض اٹھائیں۔ اِس پُرمسرت موقع پر سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق نے کہا کہ زندگی کے ہر لمحے کو تشکر، صبر اور تحمل سے گزارنے کے روحانی تجربے کا نام خوشی ہے۔عید کی خوشیاں بھی ایک ایسے ہی روحانی تجربے کا انعام ہیں۔