امریکہ زمین کے بعد خلا پر حاکمیت کا خواہشمند

چاند، مریخ اور خلا پر امریکی بالادستی کیلئے خلائی فورس کی تشکیل کی جائے، امریکہ خلائی فورس زمین کے باہر ہماری بالادستی یقینی بنائیگی،چین اور روس سے پہلے خلا پر امریکی حاکمیت قائم ہو،ٹرمپ

منگل 19 جون 2018 18:32

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) امریکہ زمینی حاکمیت کے ساتھ ساتھ خلا میں بھی حاکمیت کا خواہش مند ہے، امریکی صدر نے چاند، مریخ اور خلا پر امریکی بالادستی کیلئے خلائی فورس کی تشکیل کا اعلان کر دیا، خلائی فورس زمین کے باہر بھی ہماری بالادستی کو یقینی بنائے گی،چین اور روس سے پہلے خلا پر امریکی حاکمیت قائم ہونی چاہئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چاند، مریخ اور خلا پر امریکی بالادستی کے حصول کے لیے خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم خلا میں بھی قیادت کریں گے اور خلائی فورس زمین کے باہر بھی ہماری بالادستی کو یقینی بنائے گی۔وائٹ ہاس میں ایک تقریب کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'خلائی فورس'، ایئر فورس سے علیحدہ لیکن برابر کی فورس ہوگی۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس سے پہلے ہم خلا میں موجود ہوں گے۔تاہم امریکی صدر کے اس خیال سے ٹرمپ انتظامیہ کے اراکین کچھ متفق نظر نہیں آتے۔گزشتہ برس جب کانگریس نے پہلی مرتبہ یہ تجویز پیش کی تھی تو امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اس پر شدید تنقید کی تھی۔دوسری جانب قانون سازوں کا کہنا ہے کہ خلائی فورس راتوں رات نہیں بن سکتی اور اس کے لیے صرف اعلان کردینا کافی نہیں بلکہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وقت اور پیسہ اور قانون سازی کی بھی ضرورت ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا۔ایک صارف نے لکھا، 'میرا خیال ہے کہ کسی نے بالآخر ڈونلڈ ٹرمپ کو خلائی مخلوق کے بارے میں بتا دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب ان کا خیال ہے کہ ہمیں اسپیس فورس کی ضرورت ہے۔'