مہاجر ووٹ کے صحیح استعمال سے ہی حقوق حاصل کرسکتے ہیں ،ْڈاکٹر سلیم حیدر

منگل 19 جون 2018 18:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے حلقہ 239 کے اُمیدوار ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر قوم کے پاس مہاجر صوبہ اور قومی حقوق حاصل کرنے کیلئے ووٹ کے صحیح استعمال کا واحد راستہ باقی بچا ہے ۔ وہ آج سٹی سیشن کورٹ کی عدالت کے باہر کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ جو ان کی کاغذات نامزدگی کی منظوری پر مبارکباد دینے کیلئے جمع ہوئے تھے ۔

ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے سے انتخاب لڑنے کافیصلہ کارکنان ، عوام اور مہاجر صوبے کی حمایتوں کے پرزور اصرار پر کیا ہے۔ ان شاء اللہ 25 جولائی کے الیکشن میں ہماری کامیابی سے مہاجر صوبہ حاصل کرنے کی منزل اور قریب آجائے گی۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے حلقے کے قوم پرست مہاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جماعتی ، مسلکی ، فقہی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد میں فیصلہ کریں ۔

(جاری ہے)

مہاجر اتحاد تحریک نے مہاجر جماعتوں کی آپس کی کشمکش اور اختلافات کے خاتمے کیلئے جماعتی بنیاد کی بجائے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے اور دوسروں کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری حمایت کا پیمانہ صرف اور صرف مہاجر صوبے کی حمایت سے مشروط ہے۔ اس موقع پر حلقہ 92کے صوبائی اُمیدوار کیپٹن رئیس نقوی ، صوبائی حلقہ 93کے اُمیدوار شہزادالرحمن نے بھی خطاب کیا۔