عام انتخابات میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، گورنرسندھ

منگل 19 جون 2018 18:44

عام انتخابات میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 ء کو ہونے والے عام انتخابات ملکی تاریخ کے روشن مستقبل کا تعین کریں گے جس میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، ملک کی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں یہ نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے کر عوام کی بہتر انداز میں رہنما کرسکتے ہیں قوم کو اپنے نوجوانوں سے قوی امید یں ہیں مجھے یقین ہے آج کا نوجوان قومی توقعات پر اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئر مین رضوان جعفر کی قیادت میں آنے والے 35 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گذشتہ حکومت نے پانچ برس کے دوران ملک کو مستحکم کیا ، 2013 ء میں پاکستان کے حالات انتہائی خطرناک حد تک خراب ہو چکے تھے ، صنعتیں بند ہورہی تھیں ، کوئی بھی سرمایہ کار یہاں آنے کو تیار نہیں تھا ، بے روزگاری بہت بڑھ چکی تھی ، توانائی بحران کے باعث 16 ،16 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی تھی ، انتہائی مخدوش حالات میں گذشتہ حکومت کو اقتدار ملا حالانکہ گذشتہ پانچ برس کے دوران ترقی کے دشمنوں نے بار بار رخنہ ڈالا گیا کبھی دھرنے ، کبھی احتجاج تو کبھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھیں لیکن وژنری صلاحیتوں اور قومی جذبہ سے سرشار حکومت نے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا اور شب وروز محنت کرکے ملک کو خوشحالی کی سمت گامزن کرنے میں کامیاب رہی، آج کا پاکستان پر امن ، قومی معیشت مستحکم ، توانائی طلب سے زائد اور روزگار کے مواقع دستیاب ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کا صحیح استعمال کرکے پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اس ضمن میں نوجوانوں سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں ، نوجوانوں کو قوم کی رہنمائی کے لئے آگے آنا ہوگا ، اچھے اور برے کی تمیز کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ، جمہوریت کے تسلسل سے نمائندوں کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ، گذشتہ اور اس سے پیوستہ حکومت کی کارکردگی کو سامنے رکھ کر عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ یہ ہماری آئندہ نسل کے بہتر مستقبل کا سوال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے عام انتخابات میں صوبوں میں مختلف حکومتیں قائم رہیں ، ہر صوبائی حکومت کی کارکردگی سے سب آگاہ ہیں ،پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں ترقیاتی کام ، روزگار کے مواقع ، توانائی کے منصوبے اور انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی کے لئے کس صوبائی حکومت نے کتنا کام کیا اور عوام کو کتنی سہولیات حاصل ہوئی ،صوبہ سندھ میں مرکزی حکومت نے ترقیاتی کاموں کے فنڈز دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان با شعور اور اپنے حقوق کا ادراک رکھتا ہے یوتھ پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور ان کی سوچ میں پختگی پیدا کرتے ہیں جس کے لئے یوتھ پارلیمنٹ کے بانی قائد رضوان جعفر مبار ک باد کے مستحق ہیں ۔