نگران صوبائی وزیر صحت کی زیرصدارت اجلاس،پروفیسر عبدالوحید کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر لگانے کا فیصلہ

وزیر صحت کی وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 24گھنٹے چلانے کیلئے دو دن میں اقدامات کرنے کی ہدایت

منگل 19 جون 2018 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) نگران صوبائی وزیرصحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جواد ساجد خان نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 24 گھنٹے چلانے کے لئے دو دن کے اندر حتمی اقدامات کئے جائیں اور سات دن کے اندر وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کارڈیک سرجری شروع کی جائے۔

انہوں نے یہ بات یہاں وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو پوری طرح فنکشنل کرنے اور دل کے مریضوں کے آپریشن شروع کرنے کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عثمان معظم، پروفیسر ثاقب شفیع، پروفیسر عبدالوحید، وزیرآباد بورڈآف مینجمنٹ کے چیئرمین پروفیسر شوکت محمود، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد اور محکمہ کے دیگر افسران و ایم ایس وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جمعرات کے روز صبح دس بجے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر اہم اقدامات اور فیصلے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سات سینئر رجسٹرارز کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹرز کی خالی آسامیاں واک آن انٹرویوز کے ذریعے پر کی جائیں جس کے لئے الیکشن کمیشن کی اجازت سے اخبارات میں اشتہار دیا جائے۔

انہوں نے وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ کے طور پر منظور کرانے کے لئے پی ایم ڈی سی سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ نجم احمد شاہ نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گجرات کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں سے کارڈیک سرجری کے مریض وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے عام بیماریوں کے مریضوں کو مذکورہ ہسپتالوں میں شفٹ کرنے کے لئے ریسکیو 1122 کے تعاون سے سسٹم بنانے کی ہدایت کی اور اس سلسلہ میں مذکورہ ہسپتالوں کے کارڈیک سپیشلسٹس کی ایک میٹنگ بلانے کا بھی کہا۔

وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر تعینات کرنے کے لئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو لیٹر لکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ پروفیسر ثاقب شفیع نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور چند دن کے اندر ایمرجنسی سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ایک ٹیکنیکل کمیٹی فوری طور پر تشکیل دینے کی ہدایت کی جو وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تمام طبی آلات اور مشینری اور دیگر اشیاء پوری ہونے کے بارے چیک لسٹ کے مطابق سکروٹنی کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔