کرپٹ حکمرانی برکت ختم کر دیتی ہے، ہمارے دور کی خوشحالی اور موجودہ بدحالی سامنے ہے‘چودھری پرویزالٰہی

عوام صرف انہیں ووٹ دیں جو اُن کی خدمت کر چکے ہیں، سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں‘ عید ملن پارٹی سے خطاب

منگل 19 جون 2018 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانی برکت ختم کر دیتی ہے، اس کا ثبوت ہمارے دور کی خوشحالی اور موجودہ بدحالی ہے جو سب کے سامنے ہے، میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ صرف انہیں ووٹ دیں جو اُن کی خدمت کر رہے ہیں، سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں۔

عید ملن پارٹی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ حکمران کرپٹ ہو گا تو وہ عوام کا نہیں اپنا فائدہ دیکھے گا اور ان کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کرے گا، ن لیگ کے حالیہ اقتدار میں بھی عوام نے دیکھ لیا، کارکنوں کا فرض ہے کہ وہ ن لیگ والوں کی کرپشن اور پاکستان مسلم لیگ کی خدمات سے لوگوں کو گھر گھر جا کر آگاہ اور ان کے کرتوتوں کو بے نقاب کریں، 1122، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، مفت کتابیں، بچوں کو وظیفہ یہ سب وہ کام ہیں جو ہم نے صرف اور صرف عام اور غریب آدمی کی فلاح اور تحفظ کیلئے کیے، ہمارے قائم کردہ ادارے سیاسی تعلق سے قطع نظر بلاتفریق سب کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، پنجاب میں ہماری بہترین کارکردگی کے باعث ملکی معیشت بہتر تھی اور ڈالر 60 روپے کا تھا اور آج 123 روپے کا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ نے جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کر کے امن و امان کی صورتحال کو جس طرح خراب کیا وہ سب کے سامنے ہے، کوئی بھی اپنے گھر، دکان، دفتر میں محفوظ ہے نہ سڑک پر یا گلی میں، جب حکمران کرپٹ ہوں گے تو پھر یہی حال ہو گا، میں نے نیک نیتی سے کام کیے اور اللہ تعالیٰ نے ہمارے منصوبوں، پروگراموں کو کامیابی بخشی، اللہ تعالیٰ کی مدد سے میں نے گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنانے میں بھی کامیاب ہوا جہاں گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہائوالدین، جہلم، وزیرآباد کے اضلاع کی بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں، ہمارا لوگوں سے سیاسی تعلق آج کا نہیں تیسری نسل آج یہاں بیٹھی ہے سب کے ساتھ ہمارا عزت و محبت کا رشتہ ہے، آئندہ انتخابات میں آپ بھی انہیں ووٹ دیں جن سے بعد میں باآسانی مل سکیں، اپنے مسائل بتا سکیں اور حل بھی کرا سکیں، ہمارا ٹریکٹر کسان، محنت کش سمیت سب کا نشان ہے، پاکستان مسلم لیگ نے عوام کی فلاح و بہبود کا بیڑا اٹھا رکھا ہے، 10 سال تک پنجاب میں مسلسل حکمرانی کرنے والوں نے قوم کو اندھیروں، بے روزگاری، لاقانونیت کے تحفے دئیے، اب ن لیگ کا سورج ہمیشہ ہمیشہ کیلئے آپ نے اسے ووٹ نہ دے کر غروب کر دینا ہے۔