حکومت الیکشن کی ذمہ داری کو احسن طریقے سے سرانجام دے گی، پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار اور غیر سیاسی کردار ادا کرے گی ،نگرا ں وزیر اعلی پنجاب

منگل 19 جون 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت مینڈیٹ کے مطابق الیکشن کی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن سرانجام دے گی۔ پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار اور غیر سیاسی کردار ادا کرے گی۔منگل کو وزیراعلی آفس میں نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری، چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں انتخابات 2018 کے حوالے سے انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کیلئے پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار اور غیر سیاسی کردار ادا کرے گی۔ پرامن ماحول فراہم کرتے ہوئے شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنا یا جائے گا۔ الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے مساوی مواقع میسر ہوں گے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کسی قسم کا دبا یا مداخلت کو خاطر میں نہ لائے اور ہر فرد اپنا کردار نبھاتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں حکومتی امور کی انجام دہی یقینی بنائے۔نگراں وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ الیکشن کے انعقاد کو شفاف بنانا ہی نگراں حکومت کی اولین ترجع ہے۔