خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عید کے دوران اشیائے خوردونوش کے 20 مراکز کو سیل کردیا

صفائی کے ناقص انتظامات پر پانچ لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے

منگل 19 جون 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عید کے دوران فعال رہتے ہوئے اشیایے خوردونوش کے بیس مراکز کو سیل کردیا ہے جبکہ پانچ لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے ہیں۔ عید کے چاردنوں میں عوام کی جانب سے پانچ سو شکایات موصول ہوئیں جس کا فوری طور پرازالہ کیا گیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق عوام کو معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی کا عملہ عید کے دوران زیادہ فعال رہتے ہوئے بیکریوں اور جعلی مشروبات فیکٹریوں سمیت اشیائے خوردونوش کے بیس مراکز سربمہر کردیے ہیں جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر پانچ لاکھ کے جرمانے عاید کردئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کیمطابق عوامی شکایات پر کاروائیاں کرتے ہوئے فوڈاتھارٹی کے افسران نے پشاور میں تاتارا پارک، فیملی پارک، باغ ناران سمیت دیگر جگہوں کی چیکنگ کی جبکہ عید کے دوران مختلف کاروائیوں میں دس بیکریوں کو سربمہر کردیا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ زخیرہ اندوزی کی مد میں خوراک کا معیار گرانے والے بیکرز کو سربمہر کردیا گیا جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے جاچکے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مردان میں یونس خان پارک سمیت دیگر ہوٹل اور ریسٹورنٹ کی چیکنگ ہوئی جس میں پانچ مراکز کو سیل کردیا گیا جبکہ درجنوں مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کردئے گئے۔ سوات میں سیاحوں کو سہولت دینے کی خاطر بحرین میں فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا گیا تھا جہاں مختلف ہوٹل اور ریسٹورنٹ کی چیکنگ کے دوران تین ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا جبکہ سیاحوں کے شکایات کے ازالے کیلئے فیسیلیٹیشن سنٹر میں ایمرجنسی نمبرات بھی فراہم کئے گئے۔

اسی طرح ایبٹ آباد سے ملحقہ سیاحتی مقامات میں میں نتھیاگلی کے مقام پر فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا گیا تھا جہاں سیاحوں کے شکایات کے ازالے کیلئے فوڈ اتھارٹی کا عملہ ہمہ وقت موجود رہا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عید کار چاروں دنوں کے دوران کمپلینٹ سیل کو پانچ سو شکایات موصول ہوئیں جس کا بروقت ازالہ کرکے صوبہ بھر میں سو سے زائد کاروائیاں عمل میں لائی گئیں جس کے دوران بیس مراکز سیل جبکہ پانچ لاکھ کے جرمانے عائد کئے گئے۔