نگران کابینہ کے وزراء کے محکموں میں ردوبدل اوراضافی چارج کے نوٹیفکیشن جاری

انجم نثارکو محکمہ زکوة ، احمد وقاص ریاض کو محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورماہی پروری کا اضافی چارج دے دیا گیا

منگل 19 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) پنجاب کی نگران کابینہ کے وزراء کے محکموں میں ردوبدل کرنے اوراضافی چارج دینے کے نوٹیفکیشن جاری ۔تفصیلات کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (کیبنٹ ونگ) نے وزراء کے محکموں کی تبدیلی کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں،جس کے مطابق نگران صوبائی وزیر صنعت ،تجارت و سرمایہ کاری اورمعدنیات ومعدنی ترقی انجم نثارکو محکمہ زکوة و عشر کا اضافی چارج دیدیاگیا۔

(جاری ہے)

نگران صوبائی وزیرتوانائی،بلدیات و شہری ترقی اورآبپاشی ظفرمحمودکوڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اضافی چارج دیدیاگیا ہے۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد وقاص ریاض کو محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورماہی پروری کا اضافی چارج دیدیاگیا۔نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید کو سپورٹس اور پبلک پراسکیوشن کے محکموں کا اضافی چارج دیدیاگیا۔نگران صوبائی وزیر چوہدری فیصل مشتاق کو انسانی حقوق واقلیتی امور،بہبود آبادی اور سماجی بہبود وبیت المال کے قلمدان سونپ دیئے گئے ہیں ۔ہائر ایجوکیشن،سکول ایجوکیشن،سپیشل ایجوکیشن،لٹریسی ونان فارمل اینڈ بیسک ایجوکیشن کے محکمے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس رہیں گے۔