ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کیلئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا ‘ڈاکٹر حسن عسکری

الیکشن کمیشن کی ہدایات اورقواعد و ضوابط کے مطابق انتخابات کے لئے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں‘پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار کردار ادا کریگی، تمام سیاسی جماعتوں کیلئے مساوی مواقع ہونگے ،پولیس اور انتظامیہ پیشہ ورانہ انداز میں حکومتی امور کی انجام دہی نے دبائو یا مداخلت کو خاطر میں نہ لائے‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی چیف سیکرٹری اکبر درانی اورآئی جی پنجاب کلیم امام سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں چیف سیکرٹری اکبر درانی اور آئی جی کلیم امام نے ملاقات کی،سیکرٹری نگران وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو ہر قیمت پر یقینی بنا یا جائے گا اور ووٹرز کو آزادانہ حق رائے دہی کیلئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات اورقواعد و ضوابط کے مطابق انتخابات کیلئے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس غیر جانبدار کردار ادا کرے گی اور الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کیلئے مساوی مواقع میسر ہوں گے اور نگران حکومت مینڈیٹ کے مطابق الیکشن کی قومی ذمہ داری کو بطریق احسن سرانجام دے گی۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ پیشہ ورانہ انداز میں حکومتی امور کی انجام دہی یقینی بنائے اور کسی قسم کا دبائو یا مداخلت کو خاطر میں نہ لائے۔ انہو ںنے کہا کہ انتظامیہ او رپولیس کی غیر جانبداری اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہوگا۔الیکشن قومی ذمہ داری ہے، انتظامیہ اور پولیس کے ہر فرد کو اپنا کردار نبھانا ہوگا۔