ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کی وائس چانسلر کے آئی یو کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی

منگل 19 جون 2018 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاہے کہ کے آئی یو ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ غذر، ہنزہ اور چلاس کیمپس کے ترقیاتی بجٹ کے ریوائزڈ پی سی ون ہائرایجوکیشن کمیشن میں جمع ہوچکے۔ امید ہے جلد منظوری مل جائیگی۔

وائس چانسلرنے گذشتہ روز پی اینڈ ڈی ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زمہ داروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ٹریژرار محمد اقبال بھی ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ غذر، ہنزہ اور چلاس کیمپس کی زمینی حقائق اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کے سلسلے میں ریوائزڈ پی سی ون کے بارے میں پی اینڈ ڈی ذمہ داروں سے تفصیلی بات چیت کی اور ریوائزڈ پی سی ون کے سکوپ کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے پی اینڈ حکام کو یقین دلایاکہ آنے والے تین سے چار ہفتوں کے اندر غذر اور چلاس کیمپس میں کلاسز کا اجراء ہوگا۔ جبکہ ہنزہ کیمپس میں پہلے سے ہی تعلیمی سیشن کا آغاز ہوچکاہے۔ وائس چانسلر پی اینڈ ڈی حکام کو آگاہ کیا کہ تینوں کیمپس کیلئے درکارفیکلٹی وغیر تدریسی عملہ کی تعیناتی و تقرری کیلئے تیزی کے ساتھ کام جاری ہیں۔ انشاء اللہ بہت جلد یہ عمل مکمل ہوگا۔

ہائرایجوکیشن کمیشن کے پی اینڈ ڈی حکام نے وائس چانسلر اور اس کی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینا ن کا اظہا رکرتے ہوئے اس ضمن میں کی جانیوالی کوششوں کو سراہا۔ بعدازاں وائس چانسلر اور ٹریثررار محمد اقبال نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کا دورہ کیا۔ پی ای سی کے ایڈیشنل رجسٹرار برائے ایکریڈیٹیشن ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈپٹی رجسٹرار انجینئر اوصاف محمود نے وائس چانسلر سے ملاقات کی اور کے آئی یو میں انجینئرنگ فیکلٹی کے قیام کے بارے میں بات چیت کی۔

وائس چانسلر نے پی ای سی ذمہ داروں کو بتایاکہ کونسل کے دورے کے بعد انشاء اللہ آنے والے تعلیمی سیشن میں بی ایس مائننگ انجینئرنگ میں داخلے شروع ہونگے۔ انہوں نے 2019ء میں بی ایس سول انجینئرنگ میں کلاسز شروع کرانے کے امکانات کے حوالے سے مشاورت کیئے۔ پی ای سی ذمہ داروں نے گلگت بلتستان میں معیاری انجینئرنگ کی تعلیم کی فراہمی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ وائس چانسلر اپنے تجربات اور اہلیت کی بنیاد پر بہت جلد کے آئی یومیں یہ فیکلٹی کامیابی سے شروع کرانے میں کامیاب ہونگے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ہائرایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ذمہ داروں کے تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :