عام انتخابات میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، گورنرسندھ

ملک کی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں یہ نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے کر عوام کی بہتر انداز میں رہنما کرسکتے ہیں، گذشتہ حکومت نے پانچ برس کے دوران ملک کو مستحکم کیا ، ترقی کے دشمنوں نے بار بار رخنہ ڈالا گیا کبھی دھرنے ، کبھی احتجاج تو کبھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھیں لیکن حکومت نے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا اور شب وروز محنت کرکے ملک کو خوشحالی کی سمت گامزن کرنے میں کامیاب رہی،یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات ملکی تاریخ کے روشن مستقبل کا تعین کریں گے جس میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، ملک کی کل آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں یہ نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے کر عوام کی بہتر انداز میں رہنما کرسکتے ہیں قوم کو اپنے نوجوانوں سے قوی امید یں ہیں مجھے یقین ہے آج کا نوجوان قومی توقعات پر اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وہ منگل کو گورنرہاؤس میں یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئر مین رضوان جعفر کی قیادت میں آنے والے 35 رکنی وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گذشتہ حکومت نے پانچ برس کے دوران ملک کو مستحکم کیا ، 2013 میں پاکستان کے حالات انتہائی خطرناک حد تک خراب ہو چکے تھے ، صنعتیں بند ہورہی تھیں ، کوئی بھی سرمایہ کار یہاں آنے کو تیار نہیں تھا ، بے روزگاری بہت بڑھ چکی تھی ، توانائی بحران کے باعث 16 ،16 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی تھی ، انتہائی مخدوش حالات میں گذشتہ حکومت کو اقتدار ملا حالانکہ گذشتہ پانچ برس کے دوران ترقی کے دشمنوں نے بار بار رخنہ ڈالا گیا کبھی دھرنے ، کبھی احتجاج تو کبھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھیں لیکن وژنری صلاحیتوں اور قومی جذبہ سے سرشار حکومت نے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا اور شب وروز محنت کرکے ملک کو خوشحالی کی سمت گامزن کرنے میں کامیاب رہی، آج کا پاکستان پر امن ، قومی معیشت مستحکم ، توانائی طلب سے زائد اور روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کا صحیح استعمال کرکے پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اس ضمن میں نوجوانوں سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں ، نوجوانوں کو قوم کی رہنمائی کے لئے آگے آنا ہوگا ، اچھے اور برے کی تمیز کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ، جمہوریت کے تسلسل سے نمائندوں کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ، گذشتہ اور اس سے پیوستہ حکومت کی کارکردگی کو سامنے رکھ کر عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ یہ ہماری آئندہ نسل کے بہتر مستقبل کا سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے عام انتخابات میں صوبوں میں مختلف حکومتیں قائم رہیں ، ہر صوبائی حکومت کی کارکردگی سے سب آگاہ ہیں ،پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں ترقیاتی کام ، روزگار کے مواقع ، توانائی کے منصوبے اور انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی کے لئے کس صوبائی حکومت نے کتنا کام کیا اور عوام کو کتنی سہولیات حاصل ہوئی ،صوبہ سندھ میں مرکزی حکومت نے ترقیاتی کاموں کے فنڈز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان با شعور اور اپنے حقوق کا ادراک رکھتا ہے یوتھ پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور ان کی سوچ میں پختگی پیدا کرتے ہیں جس کے لئے یوتھ پارلیمنٹ کے بانی قائد رضوان جعفر مبار ک باد کے مستحق ہیں۔