چین کے 7رکنی سینئر پولیس افسران کے وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

شہر میں سرویلنس کیلئی8000جدید ویڈیو کیمرے انسٹال؛ 2000کلومیٹر فائبر آپٹکس بچھائی‘چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی پراجیکٹ انجینئرنگ اور جدید پولیسنگ کا حسین امتزاج ہی؛ چینی پولیس افسران نے پراجیکٹ کی تعریف کی چینی وفد کے سربراہ کی جانب سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیم کودورہ چین کی دعوت

منگل 19 جون 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) چین کے 7رکنی سینئر پولیس افسران کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصدپاکستان اور چین کے مابین سکیورٹی امور پر باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے چینی وفد کوپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے خدوخال اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان، آپریشن کمانڈرراشد ہدایت سمیت سینئر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چینی سینئر پولیس افسران کے وفد کو ایمرجنسی رسپانس ،ایڈوانس ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اورآپریشنز اینڈ مانیٹرنگ سینٹر بارے بریفنگ دی گئی۔ انہیں 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن، فیشل ریکگنایزیشن ٹیکنالوجی، اے این پی آر کیمروں بارے بھی بتایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان نے بتایا کہ شہر بھر میں سرویلنس کیلئی8000جدید ویڈیو کیمرے لگائے جا چکے ہیں جن سے 24گھنٹے شہر کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے نے ڈیٹا سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے شہر میں 2000 کلومیٹر فائبر آپٹکس بچھائی ہے جس کے دوران کوئی شاہراہ بند نہیں کی گئی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نے بتایا کہ لاہور پولیس کو تفتیش میں مدد کیلئے 700سے زائد کیسز میں ڈیجیٹل شہادتیں فراہم کی جاچکی ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے اب تک 16ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو چیک کیاجا چکا ہے۔ بریفنگ کے بعد چینی وفدکو پنجاب پولیس انٹیگریٹڈ کمانڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا۔ سینئر چینی پولیس افسران نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے سکیورٹی ومانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔

چینی پولیس افسران نے اس موقع پر انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجی کے شاہکار پراجیکٹ کو خوب سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ انجینئرنگ اور جدید پولیسنگ کا حسین امتزاج ہے۔ انہوںنے کہا کہ شہر کی سکیورٹی کیلئے بین الاقوامی معیار کے جدید نظام کا نفاذ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیم کودورہ چین کی دعوت دی اور سکیورٹی امور میں باہمی مشاورت و تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفد کے شرکاء کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔