صاف اور شفاف انتخابات ہی ملک و قوم کا قبلہ درست کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ،نگران وزیر اعلی بلوچستان

منگل 19 جون 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات ہی ملک و قوم کا قبلہ درست کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں نگران حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار شخصیات پر مشتمل ہے اور ان میں سے کسی کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ، منگل کے روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے مینڈ یٹ کے مطابق پر امن ماحول میں شفاف انتخابی عمل کو ہر صورت یقینی بنائے گی ۔

انہوںنے کہا کہ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کا استعمال اور اپنی خواہش کے مطابق اپنے نمائندوں کا انتخاب عوام کا بنیادی حق ہے جس کی ضمانت آئین میںبھی دی گئی ہے ۔ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی توقعات اور اعتماد کے مطابق عام انتخابات کے غیر جانبدار انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن مدد کررہی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے انتخابی عمل کے دوران امن و امان بر قرار رکھنے پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور حکومتی اداروں کی کاوشوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے عوام اور معاشرے کے تمام حلقوں کا فعال اور سرگرم تعاون ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا بھر پور موقعہ دیکر اس بات کویقینی بنایا جائے گا کہ ملک و قوم کے مستقبل کی باگ ڈور مخلص ، دیانتدار اور اہل افراد کے ہاتھوں میں ہو ۔ انہوںنے یقین ظاہر کیا کہ 2018کے عام انتخابات کے نتیجے میں ایک ایسی قیادت سامنے آئی گی جو ملک و قوم کو تمام مشکلات سے نجات دلانے کی مکمل طور پر اہل ہوگی ۔