نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا عید پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اظہاراطمینان

نگران صوبائی وزیر داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کوشاباش سکیورٹی انتظامات کے باعث شہریوں نے پرسکون ماحول میں نماز عیدالفطر ادا کی، عوام کو عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا آئندہ بھی اسی جذبے ، محنت اور عزم کیساتھ کام کرنا ہے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے،حسن عسکری

منگل 19 جون 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے عید کے موقع پر صوبہ بھر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور سکیورٹی کے شاندار انتظامات پر نگران صوبائی وزیر داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کوشاباش دی ہے۔

انہوں نے عیدالفطر کے اجتماعات کے دوران شاندار سکیورٹی انتظامات پر پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عید کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے جن کے باعث شہریوں نے پرامن اور پرسکون ماحول میں نماز عیدالفطر ادا کی اور عید کی خوشیوں سے حقیقی معنوں میں لطف اندوز ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دن رات محنت کر کے امن عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا۔ صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔ متعلقہ اداروں، پولیس او رانتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے عیدالفطر کے موقع پر پر امن فضا کو یقینی بنایا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بھی اسی جذبے ، محنت اور عزم کے ساتھ قیام امن کے لئے کام کرنا ہے اور اسی طرح مل کر کام کرتے ہوئے باہمی اتحاد سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔