بھٹو کی پیپلزپارٹی ختم ہوکر زرداری لیگ میں تبدیل ہوگئی ،جی ڈی اے

لیگ میں عاجز دھامرا جیسے جیب کترے اور منظور وسان جیسے سود خور شامل ہوچکے ہیں، نصرت سحر عباسی، بیرسٹر ارشد

منگل 19 جون 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) گرینڈ ڈیمو کریٹس الائنس (جی ڈی ای) کی رہنمائوں نصرت سحر عباسی، بیرسٹر ارشد شر اور محمد اشفاق کھوکھرا نے پیپلزپارٹی کے منظور وسان اور عاجز دھامرا کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو کی پیپلزپارٹی ختم ہوکر زرداری لیگ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ زرداری لیگ میں عاجز دھامرا جیسے جیب کترے اور منظور وسان جیسے سود خور شامل ہوچکے ہیں۔

جی ڈی اے رہنمائوں نے کہا کہ سندھ دھرتی کی ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز ہڑپ کرنے والے کس منہ سے دوسروں پر تنقید کررہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی والے جی ڈی اے پر بے جا تنقید کرکے اپنے کرپٹ آقائوں کے تلوے چاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پپو پھوپھو پارٹی نواب شاہ تک محدود ہوگئی ہے۔ پیسے کے بل بوتے پر الیکشن لڑنا زرداری لیگ کا پرانا وطیرہ ہے۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے رہنمائوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھیوں ناہید خان اور ڈاکٹر صفدر عباسی پر کس منہ سے غداری کا الزام لگا رہے ہیں۔

سود خور منظور وسان سمیت پی پی کے امیدوار حلقہ این اے 209 پر جی ڈی اے کے پیر صدرالدین شاہ راشدی کا مقابلہ کرنے سے کیوں کترا رہے ہیں حلقہ این اے 209پر پیر صدرالدین شاہ راشدی کے سامنے الیکشن لڑنے کے لئے پیپلزپارٹی کو کوئی امیدوار ہی نہیں مل رہا ۔ مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرنے کے دعویداروں کی الیکشن سے پہلے ہی ضمانت ضبط ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام عام انتخابات میں زرداری کیگ کو شکست فاش سے دوچار کرینگے ۔سندھ کے عوام لوٹ مار پارٹی سے ایک ایک پائی کا حساب لینگے ۔